وفاق کی ناقص پالیسیاں صوبوں میں نفرت بڑھا رہی ہیں: خورشید شاہ

وفاق کی ناقص پالیسیاں صوبوں میں نفرت بڑھا رہی ہیں: خورشید شاہ

  

سکھر(اے این این) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکمران صوبائی مسائل کی اہمیت کو نہیں سمجھتے اور وفاق کی ناقص پالیسیوں کی باعث صوبوں کے درمیان نفرتیں جنم لے رہی ہیں۔سکھرمیں میڈیا کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ وفاق کی مضبوطی کی بات کی لیکن ہماری بات کوئی بھی سننے کو تیار نہیں، سندھ اور بلوچستان کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا حال تو سندھ سے بھی برا ہے، پانی کیلئے سندھ اور بلوچستان کے عوام چیخ و پکار کررہے ہیں، ہم نے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائی تو حکومت کی جانب سے 5 ہزار کیوبک فٹ پانی بڑھا دیا گیا،سندھ کو فی الفور اور پورا پانی دیا جائے تاکہ ہم بلوچستان میں پانی فراہم کرسکیں۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ نا اہلی کی وجہ سے ایسے اقدام اٹھاتے ہیں جس سے ملک کو کوئی نہ کوئی نقصان پہنچے، حکمران معاملات کی اہمیت کو نہیں سمجھتے، وفاق کی بات کرنے والوں کو دیوار سے کیوں لگایا جاتا ہے اس طرح کے اقدامات سے نفرتیں جنم لیتی ہیں اور ملک کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -