مقامی نمائندوں کو چاہیے وہ عوام سے اپنے رابطے بڑھائیں‘ گورنر پنجاب

مقامی نمائندوں کو چاہیے وہ عوام سے اپنے رابطے بڑھائیں‘ گورنر پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان ( سپیشل رپورٹر )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت سکون قلب کا باعث ہے ۔ ہمیں زیادہ سے زیادہ لوگوں کے کام آنا چاہیئے۔ بلدیاتی نظام کا مقصد (بقیہ نمبر39صفحہ7پر )
بھی یہی ہے کہ عام آدمی کے مسائل جلد اور نچلی سطح پر حل ہوں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہاؤس میں ملاقات کے لئے آنے والے مقامی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جن میں چیئر مین یو نین کونسل نمبر29 رانا نعیم احمد ،چیئر مین یونین کونسل نمبر 15حاجی رفیق سمیت رانا ندیم احمد ،تجمل حسین بخاری ،شیخ اقبال اختر اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں ۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہا کہ مقامی نمائندوں کو چاہیئے کہ وہ عوام سے رابطے کو بڑھائیں اور انکے مسائل کوحل کر نے کیلئے بھر پور اقدا مات کریں ۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب تعلیم ،صحت ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصو بوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ہمیں کوشش کرنی چاہیئے کہ ان ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کے زیادہ سے زیادہ ثمرات عوام تک پہنچیں۔ اور لوگوں کی طرف سے جن مسائل کی نشاندہی کی جاتی ہے ان کو حل کر نے کیلئے مقامی نمائندے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ پاکستان کی معیشت مضبوط ہو رہی ہے ۔سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے ۔سی پیک کی بدولت پاکستان میں ترقی کے نئے سفر کا آغاز ہو رہا ہے ۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب میں مثالی ترقیاتی کام کئے ہیں ۔ جن کے ثمرات سے عوام مستفید ہو رہے ہیں ۔پنجاب میں صحت، تعلیم، امن و امان اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصو بہ پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مختلف لوگوں کے مسائل بھی سنیں اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔