حکومت جلد لوڈشیڈنگ پر قابو پالے گی

حکومت جلد لوڈشیڈنگ پر قابو پالے گی

  

رحیم یارخان(بیورورپورٹ)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ وایم این اے میاں امتیازاحمد نے کہا ہے کہ عوام پیپلزپارٹی کا کرپشن اور نااہلی پر مبنی گذشتہ 5سالہ دور اقتدار نہیں بھولے ہیں‘ آصف زرداری کی جانب سے آئندہ الیکشن میں پنجاب فتح کرنے اور مرکز میں حکومت بنانے کی باتیں دیوانے کا خواب ہیں‘ مسلم لیگ (ن) اگلے عام انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر ایک بار پھر شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ اپنی رہائش گاہ پر حلقہ این اے 196 سے تعلق رکھنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ 4سال کے دوران مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نہ صرف ان گھمبیر مسائل کو حل کیا جو موجودہ حکومت کو ورثے میں ملے بلکہ ٹھوس اقدامات کی بدولت اس وقت ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بہت جلد لوڈشیڈنگ کے مسئلہ پر قابو پالے گی اور عوام کو اس مصیبت سے نجات دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رحیم یارخان کے طول وعرض میں ترقیاتی کاموں کا جال اور خواجہ فرید انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی یونیورسٹی سمیت اربوں روپے کے دوسرے پراجیکٹ موجودہ حکومت کا رحیم یارخان کے عوام کیلئے تحفہ ہیں۔ اگلے ایک سال میں مزید فنڈز حلقہ کی ترقی پر خرچ کئے جائیں گے جس میں عباسیہ انڈر پاس پر فلائی اوور کی تعمیر کا اہم منصوبہ شامل ہے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -