سعودی عرب اور ایران میں ثالثی کرانے کیلئے تیار، راحیل شریف کو قواعد کے مطابق فوجی اتحاد میں جانے کی اجازت دیں گی، مسلمان ملکوں کی مدد کیلئے تیار ہیں: خواجہ آصف

سعودی عرب اور ایران میں ثالثی کرانے کیلئے تیار، راحیل شریف کو قواعد کے مطابق ...
سعودی عرب اور ایران میں ثالثی کرانے کیلئے تیار، راحیل شریف کو قواعد کے مطابق فوجی اتحاد میں جانے کی اجازت دیں گی، مسلمان ملکوں کی مدد کیلئے تیار ہیں: خواجہ آصف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے برادر ممالک سعودی عرب اور ایران میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، جنرل (ر) راحیل شریف کو قواعد و ضوابط کے مطابق اجازت دی جائے گی اور اگر آئندہ بھی کوئی برادر اسلامی ملک ہماری مدد مانگتا ہے تو ہم اس کی ضرور مدد کریں گے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے فوجی اتحاد کیلئے جنرل راحیل شریف کی خدمات مانگی ہیں جس کی مدت طے ہونا باقی ہے جبکہ دہشتگردی کے خلاف بننے والے اتحاد کے خد و خال بھی واضح نہیں ہوئے۔یہ سب باتیں طے ہونے کے بعد وزارت دفاع کے قواعد و ضوابط کے بعد جنرل راحیل کو سعودی اتحاد کی سربراہی کی اجازت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایران سے تاریخی تعلقات ہیں جبکہ سعودی عرب سے بھی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان کی فوج اب بھی سعودی عرب میں موجود ہے، اگر ایران اور سعودی عرب میں کوئی مسئلہ ہے تو پہلے کی طرح پاکستان اس میں ثالثانہ کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ اگر کوئی بھی برادر ملک مدد مانگتا ہے تو ہم ضرور اس پر غور کریں گے۔ کوئی ہمارے ایئر چیف، نیول چیف یا آرمی چیف کی خدمات اپنا دفاع مضبوط کرنے یا اپنے تحفظ کیلئے مانگتا ہے تو وزارت دفاع کے قواعد کے مطابق اجازت نہ دینے میں کوئی امر مانع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال جنرل راحیل کا معاملہ چل رہا ہے اس لیے اس پر مزید بات نہیں کروں گا، جب ایسی کوئی نوبت آئی تو بات ہوگی۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -