مشہور سٹریمنگ سروس ’نیٹ فلیکس‘ نے ماہانہ قیمتوں میں اضافہ کر دیا مگر کتنا؟ پاکستانیوں کیلئے بری خبر آ گئی
نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) دنیا کی معروف سٹریمنگ سروس ’نیٹ فلکس‘ نے ماہانہ بلوں میں اضافہ کر دیا ہے جس کا اطلاق پوری دنیا کے صارفین پر ہو گا اور اس کے باعث پاکستانی خاصے افسردہ ہیں۔
نیٹ فلیکس کی جانب سے رواں ہفتے امریکہ میں صارفین کو بھیجی گئی ای میل میں ماہانہ بل میں اضافے کی یادد ہانی کرواتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اگلے مہینے سے نئی قیمتوں سے تحت بل وصول کئے جائیں گے۔ نیٹ فلیکس نے جنوری کے مہینے میں بلوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے انہیں مزید ٹی وی شوز اور فلمیں سروس میں شامل کرنے کا موقع ملے گا۔
نیٹ فلیکس کے مطابق اب ’بیسک پلان‘ کیلئے 8 ڈالر سے 9 ڈالر تک وصول کئے جائیں گے جبکہ اور مختلف سکرینوں پر ’ایچ ڈی‘ سٹریمنگ کیلئے استعمال ہونے والے پلان کیلئے 11 سے 13 ڈالر وصول ہوں گے جبکہ پریمیم پلان کیلئے 14 سے 16 ڈالرز وصول کئے جائیں گے۔
نیٹ فلیکس کی جانب سے قیمتوں میں اضافہ دنیا بھر میں کیا جا رہا ہے اور پاکستانی صارفین بھی اس سے اثرانداز ہوں گے اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث بہت سے صارفین شائد اس سروس کو استعمال کرنا ہی بند کر دیں۔