کرونا دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے،ڈاکٹر امجد علی
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وباء دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے، اور اب تک ہزاروں افراد اس وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وائرس کا پھیلاو پاکستان میں ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، عوام حکومتی اقدامات پر عمل کریں تو وباء پر بروقت قابو پایا جاسکتا ہے جس سے قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائر س سے بچاو کا سب سے بہترین حل احتیاط ہے، عوام اپنی سرگرمیاں کم کریں اور حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے آپ کو گھروں تک محدود کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٓائیندہ دو ہفتے وائرس کے پھیلاؤ اور اس پر قابو پانے کے حوالے سے نہایت اہم ثابت ہوسکتے ہیں اس لئے عوام اس عرصے کے لئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ سوات میں عوام وائرس پر قابو پانے کے حوالے سے مکمل تعاون کررہے ہیں، جس کی وجہ سے اس علاقہ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی شرح نہایت کم ہے۔ وزیر ہاوسنگ کا کہنا تھا کہ حلقہ میں دیہاڑی دار مزدروں کے لئے ان کی جانب سے امدای پیکج فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، جس کے لئے ہر یونین کونسل کی سطح پر رضاکاروں کی کمیٹیاں بنائی گئی ہیں، جو تمام تر احتیاط کو مد نظر رکھتے ہوئے گھر گھر اشیاء ضرورت پہنچا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک رضا کاروں کے ذریعے حلقہ میں 32 سو مستحق افراد تک یہ امداد پہنچائی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ میں امدادی پیکج کی تقسیم کے ساتھ اگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے کیونکہ ہم سب مل کر اس وباء کو شکست دے سکیں گے۔