شوکت خانم میں کرونا وائرس کے مفت ٹیسٹ کی سہولت
لاہور(سٹی رپورٹر)شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہسپتال کی جانب سے مشکل کی اس گھڑی میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولت بلا معاوضہ فراہم کی جارہی ہے۔ ہسپتال بیک وقت کرونا وائرس اور کینسر کے خلاف اس جنگ میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہاہے اور سلسلے میں لاہور کے ہمارے ہسپتال میں تمام ضروری سہولتوں سے آراستہ کیمپ کووڈ کام کر رہا ہے جہاں آنے والے مریضوں کو ابتدائی سکریننگ اور ٹیسٹ کی سہولت مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق ہسپتال کو ایک کوووڈ 19- ٹیسٹ کی قیمت 8000روپے پڑتی ہے اس میں ٹیسٹنگ کٹ کی خریداری اور دیگر اخراجات شامل ہیں۔
ہسپتال کی جانب سے یہ ٹیسٹ بشمول تمام اخراجات بلا معاوضہ فراہم کیا جا رہا ہے اورایسا ہسپتال کے ڈونرز کے تعاون سے ہی ممکن ہو رہا ہے۔ تاہم ایسے تمام افراد جو اس ٹیسٹ کی قیمت ادا کرنے کی استطاعت رکھتے ہوں وہ ہسپتال کو عطیات دے کر کرونا وائرس کے خلاف اس جنگ میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ بلا معاوضہ ٹیسٹ کی سہولت صرف شوکت خانم ہسپتا ل لاہور میں ہی فراہم کی جارہی ہے۔