عوام کو گھروں میں صحت مند سرگرمیاں دینے کیلئے تربیتی پروگرام
لاہور (لیڈی رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز نے گھروں میں سبزیاں اگانے اور عوام کو گھروں میں صحت مند سرگرمی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے آن لائن ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس سلسلے میں جمعرات کی دوپہر سماجی رابطے کے ایک سافٹ وئیر کے ذریعے عوام کو گھروں میں سبزیاں اگانے کے حوالے سے ٹریننگ دی گئی۔ ٹریننگ پروگرام میں انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سلیم حیدر، فیکلٹی ممبران معظم انیس، ڈاکٹر مبین سرور، ڈاکٹر محمد شفیق اور ایم فل سکالر ارسلان نے گھروں میں سبزیاں اگانے سے متعلق شرکاء کو ٹریننگ دی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث عوام کو گھروں میں مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنا بہت ضروری ہے۔
تا کہ ان میں ذہنی مسائل بھی نہ پیدا ہو سکیں اور وہ جسمانی طور پر بھی تندرست رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں سبزیاں اگانا ایک بہترین مشغلے کے ساتھ ساتھ صحت افزا سبزیاں حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف جسم میں بہترین قوت مدافعت ہونا بہت ضروری ہے اور گھروں میں کیمیکل اور دیگر ادویات کے بغیر حاصل ہونی والی سبزیاں قوت مدافعت میں بھی اضافہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ چھتوں پر سبزیاں اگانا چھوٹے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے کا بھی ذریعہ بن سکتا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ اس وقت موسم گرما کی سبزیاں اگانے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہایت کم پیسوں سے گھروں کی صحن، چھتوں، بالکونی لان اور دیگر جگہوں پر جہاں دھوپ آتی ہو اگائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر لوگ کچن گارڈننگ کی جانب دھیان نہیں دیتے تاہم لاک ڈاون کے دوران ان کے پاس وقت ہے کہ گھروں میں سبزیاں اگائیں جو ذہنی و جسمانی صحت میں اضافے کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گھر کے نزدیک نرسری سے تمام سامان میسر ہو سکتا ہے تاہم معلومات نہ ہونے کے باعث لوگ گھر میں سبزیاں اگانے کا کام شروع نہیں کر پاتے۔ انہوں نے کہا کہ کچن گارڈننگ گھر کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر مبین سرور، ڈاکٹر شفیق، معظم انیس اور ارسلان نے گھروں میں کدو، کریلا، سبز توری، بھنڈی، ٹماٹر، سبز مرچ، شملہ مرچ، پودینہ، ٹینڈا، کھیرا، بینگن اگانے کے لئے تربیت دی اور احتیاطی تدابیر اور دیگر اہم پہلووں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے گھر میں سبزیاں اگانے سے متعلق سامان کی دستیابی اور خود سامان تیار کرنے سے متعلق بھی لوگوں کو ٹریننگ دی۔ ان تمام ٹریننگ سیشنز کی ریکارڈنگ کو پنجاب یونیورسٹی کے سرکاری سوشل میڈیا چینلز پر ہفتے سے دیکھا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں دیگر پروگرامز بھی سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے نشر کئے جائیں گے۔