کالا شاہ کاکو قرنطینہ سنٹر میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات
لاہور(جنرل رپورٹر)ضلعی انتظامیہ لاہور کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر قائم کئے جانے والے سنٹرز میں تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا ہے کہ قرنطینہ سنٹر کالا شاہ کاکو میں قائم کیا گیا ہے جہاں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو 14 دن کے لئے رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا شاہ کاکو قرنطینہ سنٹر میں تقریباً 1000 افراد ہیں ان افراد کو 03 وقت کا کھانا، ڈرنکس، میڈیکل چیک اپ مناسب طور پر فراہم کیا جا رہا ہے اور سکیورٹی کے بھی مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ لاہور کورونا وائرس کے حوالے سے متحرک ہے۔اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے رائیونڈ کے ریڈ زون ایریا میں راشن بیگز تقسیم کیئے۔
ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد رائیونڈ کو مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور کورونا وائرس کے اس مشکل وقت میں مستحق افراد کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ شہری اپنے گھروں تک ہی محدود رہیں اور احتیاطی تدابیر کو اپنائیں۔