لاہو ر سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤ ن مزید سخت، شاہراہوں، سڑکوں چوراہوں کو اعلیٰ پولیس افسران اہلکاروں، ڈولفن فورس، پیرو سکواڈ نے اپنے کنٹرول میں لے لیا شہری پریشان، ہزاروں موٹر سائیکل، گاڑیاں بند
لاہور(لیاقت کھرل)صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے تحت گزشتہ رات 8 بجے اچانک لاک ڈا ؤن کو سخت کر دیا گیا۔ شہر کے داخلی و خارجی راستے بند جبکہ لاہور کے علاوہ بڑی شاہراہوں اور سڑکوں کو بھی بند کر دیا گیا، جس سے ٹریفک کا شدید دباء بڑھ گیا۔ ناکہ بندی کے دوران لاہور میں 590 موٹر سائیکل اور گاڑیاں جبکہ پنجاب بھر میں 6519گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو مختلف تھانوں میں بند کر دیا گیا۔ اہم شاہراہوں اور سڑکوں سمیت چوراہوں میں شہری ذلیل و خوار ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق صو بے بھر میں دفعہ 144 کے تحت لاک ڈاؤن کو گزشتہ رات اچانک انتہائی سخت کر دیا گیا جس کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران، ضلعی انتظامیہ، تھانوں کی پو لیس اور ڈولفن فورس کے ہمر ا ہ سڑکوں پر آ گئے۔ لاہور میں داخلی و خارجی راستوں کو گزشتہ رات 8 بجے ہونیوالے سخت لاک ڈاؤن کے دورا ن بند کر دیا گیا،شہر میں فیروز پور روڈ، ملتان روڈ، جی ٹی روڈ، وا لٹن رو ڈ، مزنگ چوک، شالیمار چوک، مغل پورہ چوک سمیت اہم شاہراہوں، سڑکوں اور چوراہوں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ پولیس نے اس دوران مزنگ چونگی سے کلمہ چوک (گا ر ڈن ٹا ؤ ن) اور مزنگ چوک تا شاہدر ہ چوک تک فیروز پور روڈ کو مکمل طور پر بند کر دیا۔ ملتان روڈ، جی ٹی روڈ، والٹن روڈ سمیت اہم شاہراہوں اور سڑکوں سمیت چورا ہوں کو پولیس کے اعلیٰ افسران، تھانوں کی پولیس اور ڈولفن فورس سمیت پیروسکواڈ نے اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ اہم شاہراہوں، سڑکوں اور بڑے چورا ہوں میں بیریئر اور رکاو ٹیں کھڑی کر دیں جس کیساتھ ہی گزشتہ رات 8 بجے اچانک لاہور شہر کو ایک قسم کا مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ پولیس نے اس دوران شہر کے اہم مقامات، شاہراؤں، سڑکوں پر ناکہ بندی کے دوران 590 موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو تھانوں میں بند کر دیا جبکہ اسی طرح پنجاب کے دیگر بڑے اضلاع اور شہروں میں بھی اعلیٰ پولیس افسران نے اہم شاہراہوں، سڑکوں اور شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کو گزشتہ رات اعلیٰ احکام کی طرف سے حکم ملتے ہی بند کر دیا۔ جس کے بعد پنجاب کے بڑے شہروں، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانو ا لہ، ملتان، ساہیوال، شیخوپورہ سمیت دیگر شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا۔ اس دوران فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سیا لکوٹ، ساہیوال اور ملتان سمیت دیگر اضلاع میں پولیس نے ناکہ بندی کے دوران 6519 موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو بند کر دیا جس میں پولیس نے رات گئے اعلیٰ حکام کو دی جانیوالی رپورٹ میں 7109 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو پنجاب بھر کے تھانوں میں بند کرنے کا بتایا۔ دوسری جانب پولیس کے گزشتہ شب 8 بجے لاہور سمیت پنجاب بھر کے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن کو سخت کرنے کیساتھ ہی اہم شاہراہوں، سڑکوں سمیت شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کا دباء بڑھ گیا۔ شہری کئی کئی گھنٹے ٹریفک میں پھنسے رہے۔ اس دوران لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں مریضوں کو لے کر جانیوا لے پولیس کے اس اقدام کیخلاف سراپا احتجاج بنے رہے۔ ٹریفک پولیس بھی گزشتہ رات پولیس کی جا نب لاک ڈاؤ ن کو سخت کرنے کے کریک ڈاؤن میں برابر شامل رہی۔ جس کے بعد لاہور کے داخلی و خارجی راستوں کے مکمل طور پر بند ہونے پر لاہور شہر مکمل طور لاک ڈاؤن کی زد میں آ گیا اور شہری پولیس کو کوستے رہے۔ جبکہ اس حوالے سے ڈی آئی جی آپر یشنز لاہور رائے بابر سعید کا کہنا ہے لاک ڈاؤن کے باوجود شہریوں نے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر بلاوجہ سڑکوں پر گھومنے کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا۔ شہریوں نے گزشتہ دس روز میں لاک ڈاؤن کے دوران تعاون نہیں کیا،جس پر اچانک لاک ڈاؤن سخت کرنا پڑا، تاہم شہر کو سیل نہیں کیا گیا لیکن دفعہ 144 پر پابندی کو یقینی بنانے کیلئے لاک ڈاؤن کو سخت کیا گیا ہے۔ شہریوں کو کرونا وائرس کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ اس میں ایک یا دو شہریوں کو بیمار شخص کو ہسپتال لے جانے کیلئے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں سمیت اہم سڑکو ں اور چوراہوں پر ناکہ بندی اور سڑکوں کو بند کرنے کا مقصد شہریوں کو گھروں میں رہنے کیلئے پابند بنانا ہے جس کیلئے شہریوں کو فرداً فرداً ہدایا ت دی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی نے بتایا تھانوں میں بند کی گئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلو ں کو اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران چھوڑ دیا جائے گا اس میں شہریوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
لاک ڈاؤن سخت
اسلام آباد،لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد، گلگت بلتستان (سٹاف،جنرل رپورٹرز، بیورورپورٹس،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 2419 ہوگئی جبکہ مزید 7 ہلاکتوں کے بعد وائرس سے مرنیوالوں کی تعداد 35 ہوگئی۔ سندھ میں 761، پنجاب میں 920، خیبرپختونخوا میں 331، گلگت بلتستان میں 187، بلوچستان میں 169، اسلام آباد میں 62، آزاد کشمیر میں 9 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ ملک بھر میں 117 افراد صحت یاب ہوگئے۔ پاکستان میں اب تک کرونا وائرس سے ہونیوالی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 11 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ سندھ میں 9، خیبرپختونخوا 8، گلگت بلتستان 2 اور بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہوچکا ہے۔ پنجاب کے ضلع لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ سندھ میں تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔تفصیلا ت کے مطابق پاکستان میں جمعرات کرونا وائرس کے اب تک 138 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 5 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 2، پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے،اب تک پنجاب میں 69 کیسز ایک ہلاکت، سندھ میں 34 کیسز ایک ہلاکت، خیبرپختونخوا 23 کیسز 2 ہلاکت، گلگت 3 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان 5 اور اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے صوبے میں ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی جس کے بعد سندھ میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ ٹنڈو محمد خان سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ مریض کو 28 مارچ کو حیدرآباد کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جس کا کرونا کا ٹیسٹ مثبت آیا،انتقال کرنیوالا مریض تبلیغی جماعت کا رکن تھا۔علاوہ ازیں محکمہ صحت کی سمری کے مطابق سندھ میں اب تک کرونا وائرس کے 34 کیسز رپورٹ ہو ئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 743 ہوگئی ہے۔سمری کے مطابق کراچی میں 17، حیدرآباد 9، شہید بے نظیر آباد 6 اور جامشورو میں 2 کیس رپورٹ ہو ئے جبکہ تمام کیس لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں۔خیبرپختونخوا میں اب تک کرونا کے 23 کیسز اور مزید 2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 276 ہوگئی،ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔کرونا وائرس سے انتقال کرنیوالے 2 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں اور ایک کا نوشہرہ سے ہے۔صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔صوبائی وزیر صحت کی جانب سے جاری سمری کے مطابق صوبے میں اب تک وائرس سے 29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔پنجاب میں جمعرات کرونا وائرس کے مزید 69 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ لاہور میں ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد پنجاب میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 اور مجموعی کیسز 914 ہوگئے ہیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے پنجاب میں جمعرات کو ایک اور ہلاکت کے بعد مجموعی طور پر 11 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں ایک ایک مریض جاں بحق ہوا۔ترجمان نے بتایا ڈی جی خان سے 213 زائرین اور ملتان سے 91 زائرین میں وائرس کی تصد یق ہوئی، رائے ونڈ قرنطینہ میں 142 اور فیصل آباد قرنطینہ میں 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔پنجاب کے محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں 199، گجرات 90، جہلم 28، راولپنڈی 53، ننکانہ 13، گوجرانوالہ 14، فیصل آباد 9، سرگودھا 10، حافظ آباد،ڈی جی خان 5، منڈی بہاوالدین 4، رحیم یار خان،میانوالی،بہاولنگر 3، نارووال، ملتان، وہاڑی، لودھراں 2 جبکہ اٹک،خوشاب،سیالکوٹ، بہاولپور، قصور اور لیہ میں ایک ایک کیس ہے۔ایک رو قبل بدھ کو پنجاب میں کورونا سے راولپنڈی میں 83 سالہ شخص جاں بحق ہوا تھا جو پنڈی میں چوتھی ہلاکت تھی۔پنجاب میں ہونیوالی 11ہلاکتوں میں سے لاہور میں جمعرات کو ہونیوالی ایک ہلاکت کے بعد 5 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، راولپنڈی میں 4 اور رحیم یار خان، فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔بلوچستان میں کرونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 169 ہوگئی ہے تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے نئے کیسز کی تصدیق نہیں کی گئی۔بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں 17 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں اب تک ایک شخص کورونا سے ہلاک ہوا ہے۔جمعرات کو اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 62 ہوگئی ہے۔ جمعرات کو گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 187 ہوگئی ہے اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے محکمہ اطلاعات نے علاقے میں کرونا سے ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان کے محکمہ اطلاعات نے مجموعی کیسز کی تعداد 183 بتائی ہے اس طرح پورٹل اور محکمہ اطلاعات کے نمبرز میں 4 نمبرز کا فرق ہے۔گلگت بلتستان میں اب تک کرونا وائرس سے ہونیوالی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنیوالے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔گلگت بلتستا ن میں اب تک کرونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔آزاد کشمیر میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی تھی۔
پاکستان کرونا
بیجنگ،واشنگٹن،لندن،پیرس،روم،برلن،میڈرڈ (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ اور ہلاکتیں 51ہزارسے بھی تجاوز کر گئیں،اٹلی میں 765، سپین 626،برطانیہ 569،امریکہ 530،ایران 128، بلجیم 189،ترکی 87،انڈونیشیا 13اورسعودی عرب میں مزید5افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ سپین 10ہزار سے زائد ہلاکتوں کیساتھ زیادہ اموات والا دوسرا ملک بن گیا،امریکہ 5ہزار سے زائد ہلاکتوں کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے، امر یکی صدر نے کرونا مریضوں کی تعداد بڑھنے کے باوجود گھروں میں رہنے کا قومی حکم جاری نہ کرنے کا اعلان کیا ہے،فجی نے کرونا وائرس کے مزید 2مریضوں کی تصدیق کے بعد دارالحکومت میں لاک ڈاؤن کردیا،افغا نستان میں 43نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد239ہوگئی،بیلاروس نے چین کی جانب سے فوری ٹیسٹ کرنے کا ساما ن حاصل کرلیا۔جونز ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس کے 2لاکھ10ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کئی گھنٹے پہلے امریکہ ایسا پہلا ملک بن گیا جہاں 2لاکھ سے زائد مریض سامنے آئے ہیں۔اس بیماری کے ہاتھوں 24گھنٹوں میں ایک ہزار سے زائد اموات کے اضافے کے بعد گزشتہ روز ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5ہزار سے بڑھ گئی۔جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے مرکز برا ئے سسٹمز سائنس اینڈ انجینئرنگ نے 0500 جی ایم ٹی 2 اپریل کو کرونا وائرس سے بری طرح متاثرہ ملکوں میں عالمی مصدقہ کیسز کی تازہ ترین اپ ڈیٹس جا ری کی ہیں جس کے مطا بق دنیا بھر میں مصدقہ کیسز کی تعداد 9لاکھ37 ہزار 170۔امریکہ میں 2لاکھ 16 ہزار 721،اٹلی میں 1لاکھ 10 ہزار 574، سپین میں 1 لاکھ 4ہزار118،جرمنی میں 77 ہزار 981اور فرانس میں 57ہزار763 ہو گئی۔ اسی طر ح ایران میں مصد قہ مر یضو ں کی تعداد 47ہزار593،برطانیہ میں 29 ہزار865،سوئٹرزلینڈ میں 17ہزار768، ترکی میں 15ہزار679 اور چین میں 82ہزار394 ہو گئی ہے۔چین کے قومی صحت کمیشن(این ایچ سی)نے جمعرات کو کہا چینی مین لینڈ پر ملک کے اندر منتقل ہونیوالے نوول کرونا وائرس کے کسی بھی کیس کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔نوول کرونا وائرس کے تمام35 تصدیق شدہ کیسز کا تعلق بیرون ملک سے آ نے والوں سے تھا جس سے اس وبا کے درآمد کیسز کی تعداد 841 ہوگئی ہے۔ ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایس اے آر)میں 4 اموات کیساتھ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 765تھی،مکا ایس اے آر میں مصدقہ کیسز کی تعداد 41 اور 5 اموات کیساتھ تائیوان میں کیسز کی تعداد 329 تھی۔ہانگ کانگ میں کل 147، مکا میں 10 اور تائیوان میں 45 مریضوں کو صحت یابی کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کردیا گیا تھا۔فرانس میں کرونا وائرس قابو سے باہر ہو گیا، گزشتہ روز کرونا سے 509 افراد ہلاک ہوگئے۔ فرانس کی حکومت نے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کرکے ہنگامی بنیادو ں پر مریضوں کو دور دراز علاقوں اور جرمنی کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا، فرانس میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد 4032 تک جاپہنچی۔حکومت نے لاک ڈاون مزید سخت کرتے ہوئے جرمانہ کی شرح دو سو فیصد بڑھا دیا، ہسپتالوں میں ڈاکٹر پیرا میڈیکل اسٹاف دن رات ایک کرکے ایک لمحہ ضائع کئے بغیر مریضوں کی دیکھ بھال کررہے ہیں جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔24639 افراد کے کرونا مثبت ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جو فرانس کے مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں، فرانس میں اس وقت 6017 افراد ہسپتالوں کی انتہائی نگہدا شت یونٹ میں زیر علاج ہیں۔ادھرفجی میں نوول کرونا وائرس کے مزید 2مریضوں کی تصدیق کے بعد حکومت نے آج جمعہ کی علی الصبح سے دارالحکومت سووا میں لاک ڈان کرنے کا اعلان کردیاہے۔ فجی کے وزیراعظم ووریق بینی ماراما نے کہا چھٹا مریض21سالہ خاتون جبکہ ساتواں مریض اس کا 33سالہ شوہر ہے۔ ان دونوں کا تعلق سووا سے ہے اور اب دونوں کو سووا سے مغرب کی جانب تقریبا 39 کلومیٹر دور واقعہ ناووا ہسپتال میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔وزیراعظم کے مطابق عظیم سووا کا علاقہ آج جمعہ کی صبح 5بجے سے اگلے 14روز کیلئے لاک ڈان کردیاجائے گا۔ انہوں نے ملک بھر میں کرفیو اب رات 8بجے سے صبح5بجے تک لگانے کا بھی اعلا ن کیا۔
دنیا کرونا