ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے وفد کا دورہ پی کے ایل آئی
لاہور(پ ر)ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ایک وفد نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کا دورہ کیا۔ وفد کی نمائندگی پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر پالیتھا گنارتھنا ما ہی پالا کررہے تھے۔ پی کے ایل آئی کے ڈین ڈاکٹر حافظ اعجاز احمد نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ہسپتال کے متعلق ایک پریزینٹیشن دی، جس میں ہسپتال کے وژن، مشن، جدید طبی سہولیات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا۔اس دورے کا مقصد پی کے ایل آئی میں کورونا وائرس کی سہولیات کا معائنہ اور مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف ڈاکٹروں، نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکس اور دیگر عملہ سے مل کر اُن کا حوصلہ بڑھانا تھا۔وفد نے آئسولیشن کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اور مریضوں کیلئے دستیاب طبی انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر پالیتھا نے پی کے ایل آئی کے بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات و انتظامات کیلئے ہسپتال کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ ہسپتال کا عملہ کورونا وائرس کے مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کررہا ہے۔انہوں نے خصوصاً ہسپتال کے شعبہ انفکشن کنٹرول کی تعریف کی اور ارادہ ظاہر کیا کہ ڈبلیو ایچ او اس شعبہ کو ایک ٹریننگ انسٹیٹیوٹ بنانے اور دیگر شعبہ جات کی ترقی کیلئے عملی تعاون کرے گا۔ پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کا سٹاف انفیکشن کنٹرول ٹریننگ کیلئے جلد پی کے ایل آئی کا دورہ بھی کرے گا۔مارچ کے پہلے ہفتے میں حکومت پنجاب نے پی کے ایل آئی کو کورونا لیئر کی طبی سہولت کے طور پر کام کرنے کا اعلان کیا۔ ہسپتال میں معمول کے کام روک دئیے گئے اور COVID-19 کیلئے انتظامات کا منصوبہ بنایا گیا۔
پہلے مرحلے میں ہیپاٹائٹس کلینک کی عمارت کو 26بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ میں تبدیل کیا گیا۔ اگلے مرحلے میں ہسپتال کی مرکزی عمارت میں آئی سی یو سہولیات سمیت 75 کمروں میں کورونا مریضوں کی دیکھ بھال کی جائے گی۔ 19مارچ کو پہلے مریض کو داخل کیا گیا اور اب تک 30مریض علاج کیلئے داخل کئے جاچکے ہیں، جن میں سے 6 مریض صحت یاب ہوکر جاچکے ہیں۔
آخر میں پی کے ایل آئی ڈین ڈاکٹر حافظ اعجاز احمد نے ہسپتال کے عملے کی طرف سے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور سووینیئر پیش کئے۔