دنیا کروناسے نبرد آزما،مودی سرکاربدستور ہندوتوا پر گامزن،عمران خان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے پر نریندرا مودی کی ہندوتوا حکومت کی شدید مذ مت کی ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے پر مودی کی ہندوتوا حکومت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان بھارتی غیر قانونی اقدامات پر کشمیریوں کیساتھ کھڑا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹس کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا عالمی دنیا کرونا سے لڑ رہی ہے اوربھارت کی بی جے پی ہندوتوا حکومت نسل پرست ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں نسل پرست ہندوتوا مودی حکومت کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں غیر قانونی ہیں، نسل پرست مودی حکومت مقبوضہ وادی میں تمام بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جموں و کشمیر ری آرگنائزیشن آرڈر چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، پاکستان بھارتی ریاستی دہشتگری کو بے نقاب کرتا رہے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کی موجودگی میں بھارت کے موجودہ اقدامات انتہائی قابل مذمت ہیں، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری بھارت کو بین الاقوامی خلاف ورزیوں سے روکیں، پاکستان کشمیریوں کی حق خود اردیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
عمران خان