کھانسی یا چھینکنے والے فرد سے کم از کم 6فٹ دور رہنا چاہیے: عالمی ادارہ صحت

کھانسی یا چھینکنے والے فرد سے کم از کم 6فٹ دور رہنا چاہیے: عالمی ادارہ صحت

  

نیویارک (این این آئی)نئے نوول کرونا وائرس سے تحفظ کیلئے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کھانسی یا چھینکنے والے فرد سے کم از کم 6 فٹ دور رہنا چاہیے۔ایک تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ فاصلہ کم ہے اور لوگوں کو کسی متاثرہ فرد سے اس سے بھی زیادہ دور کھڑا ہونا چاہیے۔امریکہ کے میساچوسٹس انسٹیٹوٹ آف ٹیکنالوجی کی تحقیق میں کہا گیا کہ نئے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے دنیا بھر میں سماجی فاصلے کے اقدامات کیے جارہے ہیں،مگر یہ ناکافی ہیں۔تحقیق کے مطابق کھانسی یا چھینک سے بننے والے گیس کے بادل وائرس کے ذرات کو 8 میٹر دور تک لے جاسکتے ہیں۔جریدے جرنل آف دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن (جاما) میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ عالمی ادارہ صحت اور امریکا کے ادارے سی ڈی سی کی گائیلائنز 1930 کی دہائی کے فرسودہ ماڈلز پر مبنی ہیں، جن میں بتایا گیا تھا کہ کھانسی، چھینک یا سانس سے گیس کے بادل کیسے بنتے ہیں۔ایم آئی ٹی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر لیڈیا بوراویبا نے خبردار کیا کہ منہ سے خارج ہونے والے ہر قسم کے ذرات 23 سے 27 فٹ یا 7 سے 8 میٹر تک جراثیموں کو لے جاسکتے ہیں۔ سائنسدان کئی سال سے کھانسی اور چھینک کے اثرات پر تحقیق کررہی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ ذرات مختلف اشیا کی سطح کو آلودہ کرسکتے ہیں جبکہ ہوا میں گھنٹوں تک ایک جگہ رکے رہ سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں وبا کی روک تھام کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں مگر اس کے تیزی سے پھیلاؤ سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ ذرات اس میں کردار ادا کررہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت

مزید :

صفحہ آخر -