امارات،کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے 14 روز میں جدید لیبارٹری قائم
ابوظہبی (این این آئی)متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے صرف 14 روز میں ایک بڑی اور جدید لیبارٹری قائم کر لی گئی ہے،اس میں بہت جلد اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے افراد کے ٹیسٹ شروع کردیے جائیں گے۔یہ لیبارٹری جینومکس کمپنی بی جی آئی اور ابوظبی میں قائم سرکردہ ٹیکنالوجی کمپنی گروپ 42 (جی 42) نے مشترکہ طور پر قائم کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بی جی آئی اور جی 42 کے اعلان کے مطابق نئی لیبارٹری یو اے ای کے مصدر شہر میں قائم کی گئی ہے اور یہاں بڑے پیمانے پر ٹیسٹوں کی سہولت دستیاب ہوگی۔اس لیبارٹری میں بی جی آئی کی تیار کردہ آر ٹی-پی سی آر کی تشخیصی کٹس کو استعمال کیا جائے گا۔اس کے ذریعے نظام تنفس کے لیے اکٹھے کیے گئے نمونوں کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔
ان تشخیصی کٹوں کی چین، یورپ اور امریکا کے طبی ادارے اور عالمی ادارہ صحت منظوری دے چکے ہیں۔جی 42 نے کہا کہ نئی لیبارٹری میں یو اے ای اور اس کے ہمسایہ ممالک سے اکٹھے کیے گئے نمونوں کے ٹیسٹوں کو ترجیح دی جائے گی لیکن اس نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی اور نہ اس لیبارٹری سے استفادہ کرنے والے ممالک کا نام بتایا ہے۔بی جی آئی کے شریک بانی اور چیئرمین وانگ جیان نے کہا کہ ہم (اس لیبارٹری میں)یو اے ای اور اس سے ماورا لوگوں کے علاوہ عالمی سطح پر صحت کو درپیش خطرے سے نمٹنے کے لیے دنیا کی بہتری ٹیکنالوجی اور تجربے کو بروئے کار لائیں گے۔