وزیر اعظم نے یوٹرن لینے کاریکارڈ خراب نہیں ہونے دیا، مولابخش چانڈیو

  وزیر اعظم نے یوٹرن لینے کاریکارڈ خراب نہیں ہونے دیا، مولابخش چانڈیو

  

اسلام آباد (این این آئی) پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان مولا بخش چانڈیونے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم صاحب نے یوٹرن لینے کا اپنا ریکارڈ خراب نہیں ہونے دیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اب جاکر خان صاحب نے جان لیوا کورونا وائرس پر اپنے موقف کے برعکس بیان دیا ہے، پہلے کچھ کہا اب وزیراعظم صاحب(بقیہ نمبر59صفحہ6پر)

فرما رہے ہیں کے کرونا پاکستان میں مزید پھیلے گا۔ انہوں نے کہاکہ خان صاحب کہتے ہیں کہ احتیاط نہیں کی گئی تو متاثرین کی تعداد 50 ہزار سے زیادہ ہو سکتی ہے، پہلے وزیراعظم صاحب کو دنیا میں پھیلی کرونا کی تباہی نظر نہیں آئی، پہلے وزیراعظم صاحب کو سندھ اور محترم ترین ادارے کا فیصلہ بھی سمجھ میں نہ آیا۔ مولابخش چانڈیو نے کہاکہ خان صاحب اپنے ملک کے تمام صوبوں کے لاک ڈاؤن کے فیصلے کی بھی مخالفت کرتے رہے، اب ایک ماہ بعد جاکر خان صاحب کو کرونا کی سنگینی کا احساس ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرے پارٹی چیئرمین درست کہتے ہیں کہ یہ تنقید کا وقت نہیں ہے لہذامیں زیادہ بات نہیں کرتا۔ انہوں نے کہاکہ صرف وزیر اعظم سے اتنی گذارش کر رہا ہوں کہ ہمارے وزیراعظم دور اندیشی سے محروم ہیں، وزیراعظم خدارا ملک و قوم پر رحم کریں اپنے ملک کے اداروں اور صوبوں کو آزادی سے کام کرنے دیں، وزیراعظم صوبوں اور اداروں کے اقدامات کیخلاف بیانات دے کر مثبت نتائج کو خراب نہ کریں۔

مولا بخش چانڈیو

مزید :

ملتان صفحہ آخر -