پوری صوبے میں جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کردیا گیا ہے: ناصر حسین شاہ 

پوری صوبے میں جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کردیا گیا ہے: ناصر حسین شاہ 

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ کے احکامات پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ نے صوبے کے تمام اضلاع میں ہنگامی بنیادوں پر جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کروادیا ہے۔وزیر بلدیات سندھ نے صوبے کی موجودہ نازک صورت حال کو دیکھتے ہوئے اسپرے مہم کو جاری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اسپرے مہم کی نگرانی سیکرٹری بلدیات روشن علی شیخ براہ راست کررہے ہیں جس کے تحت سندھ بھر کے انتیس اضلاع میں واقع دو ہزار یونین کونسلوں میں اسپرے مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ ناصر حسین شاہ کے مطابق لاک ڈاون کے دوران تمام رہائشی کالونیوں، کاروباری علاقوں، مرکزی شاہراہوں، اندرونی و بیرونی گلیوں سمیت، عوامی مقامات، مساجد، امام بارگاہوں و دیگر مذہبی عبادت گاہوں میں بھی جراثیم کش اسپرے کیا جارہا ہے جس سے مہلک اور وبائی امراض کے خاتمے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صحت و صفائی ایمان کا جز ہے اور حکومت سندھ اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ عوام کی سہولت اور بہتری کی خاطر تمام تر مشکلات اور رکاوٹوں کو خاطر میں لائے بنا، خدمت کے سلسلے کو جاری رکھا جائے۔ ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ صوبے کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ جس ولولے اور جوش کے ساتھ سندھ سے کارونا کے خاتمے کے لئے کام کررہے ہیں،وہ پورے ملک کے لئے قابل تقلید ہے اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے افکار و ہدایت کی روشنی میں تمام صوبائی کابینہ متحرک اور مصروف عمل ہے۔ وزیر اطلاعات نے لاک ڈاون کے دورانئے کو مزید بڑھانے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی زندگیوں سے بڑھ کر حکومت سندھ کو کچھ عزیز نہیں لہذا بادل نخواستہ لاک ڈاون کے دورانئے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کے بعد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بہترین نتائج بر آمد ہوں گے۔ جمعہ کے روز دوپہر بارہ تا تین سخت لاک ڈاون کے نفاذ کو ناصر حسین شاہ نے وقت کی ضرورت قرار دیا اور بتایا کہ تمام مکاتب فکر کے علما کرام کے اجماع کے نتیجے میں باجماعت نماز کے انعقاد پر پابندی کا فیصلہ انسانی جانوں کو بڑے نقصان سے بچانے کے پیش نظر لیا گیا ہے، جس کی شریعت میں اجازت موجود ہے۔ صوبائی وزیر نے عوام سے لاک ڈاون کو مزید موثر اور کامیاب بنانے کی پرزور اپیل کرتے ہوئے،پولیس، سماجی و فلاحی تنظیموں، سیکورٹی اداروں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو صبر و استقامت کا مظاہرہ کرنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔

مزید :

صفحہ اول -