حافظ نعیم الرحمن کی میر شکیل الرحمن سے ملاقات، میر جاوید رحمن کے انتقال پر اظہار تعزیت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، ڈاکٹر اسامہ رضی زاہد عسکری، سلمان شیخ اور طاہر اکبر نے ایڈیٹر انچیف جنگ گروپ میر شکیل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کے بڑے بھائی، جنگ کے پبلشر اور اخبار ِ جہاں کے ایڈیٹر میر جاوید رحمن کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت اور مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے میر جاوید رحمن کی شعبہ صحافت میں خدمات پر ان کو خراج ِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر جاوید رحمن ایک درد مند انسان تھے اور ان کی صحافتی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اپنی زندگی میں پاکستان میں صحافت اور میڈیا کی ترقی و استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ میرِ صحافت میر خلیل الرحمن کے کاخاندان کا اہم ترین ستون تھے۔اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔ حافظ نعیم الرحمن نے دوران ِگفتگو میر شکیل الرحمن پر قائم مقدمات اور گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ ان کی گرفتاری ایک انتقامی عمل ہے اور ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میر خلیل الرحمن مرحوم اور ان کا خاندان پاکستان سے والہانہ عقیدت اور محبت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا ادارہ اس طرح کے اقدامات سے اپنی ساکھ کھو چکا ہے۔ لہٰذا حکومت کی طرف سے انتقامی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ چونکہ یہ تفتیش میں نیب کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہیں،اس لیے فوری رہائی عمل میں لا کر عدالتی کارروائی کے مطابق تفتیش مکمل کی جائے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم میر جاوید رحمن کی جدائی کے اس صدمے میں میر فیملی کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ہر قسم کا تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔