مشکل حالات میں پوری دلجمعی سے ہر جگہ محکمہ اطلاعات نظر آئے گا، اجمل وزیر
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل وزیر نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں پوری دلجمعی کے ساتھ کام اور ہرجگہ محکمہ اطلاعات کا نظر آنا خوش آئند ہے انہوں نے محکمہ اطلاعات کے حکام کو ہدایت کی کہ ملک کے موجودہ حالات میں عوام کو درست اور تصدیق شدہ معلومات کی فوری فراہمی محکمہ اطلاعات کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے محکمے کو اپنے پوری استعداد کے مطابق کام کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اطلاعات کے ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سیکرٹری اطلاعات سید امتیاز علی شاہ، ڈائریکٹر جنرل امداداللہ، ڈائریکٹر اطلاعات بہرہ مند دُرانی اور دیگر نے شرکت کی۔ سیکرٹری اطلاعات نے مشیر اطلاعات کو کورونا بحران کے حوالے سے محکمے کی سرگرمیوں اور حکمت عملی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عوام کو وائرس سے بچانے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر، وائرس سے ہونے والے نقصانات اور اس حوالے سے حکومت کی فلاحی اقدامات سے بروقت آگاہی کے لیے ابلاغی حکمت عملی وضع کرکے اس پر عمل کیا جا رہا ہے اور محکمے کے افسر اور اہلکار تین شفٹوں میں کام کررہے ہیں۔اسی طرح مشیر اطلاعات کو محکمے کے اشتہاری پالیسی، نئے ایف ایم ریڈیو سٹیشنوں کے قیام اور ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے ہدایت کی کہ بدلتے ہوئے حالات میں محکمہ اطلاعات کو وقت کے ساتھ اپنی حکمت عملی کو جدید بنانے کے لیے مستعدی سے آگے بڑھنا ہوگا اور ابلاغ کے جدید ذرائع جیسے سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کو عوامی مفاد میں استعمال کو یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور اس سلسلے محکمے کو وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے حکام کو یدایت کی کہ مخصوص حالات میں میڈیا کی ذمہ داری میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اور میڈیا کو بھی ذمہ داری سے کام کرنا ہوگا۔اجمل وزیر نے محکمہ اطلاعات کے ریجنل دفاتر کی کارکردگی بڑھانے اور وہاں تعینات عملے کو مقامی انتظامیہ اور سیاسی قیادت کے ساتھ برابر رابطہ رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اضلاع ہی معلومات کے ابتدائی ذرائع ہوتے ہیں اور اگر وہاں مستعد عملہ موجود ہو تو غلط خبروں کا سدباب ممکن ہے اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ ریجنل دفاتر کو مزید فعال بنایا جائے۔انہوں نے ضم شدہ اضلاع میں ایف ایم ریڈیو سٹیشنوں کو جلد فعال بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے عوام کو درست اطلاعات کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے ایف ایم ریڈیوز کا کردار نہایت اہم ہے۔