صحت عملے کی بھرتی کیلئے پالیسی تیار، جلد عملدرآمد شروع ہوجائیگا، تیمور سلیم جھگڑا

صحت عملے کی بھرتی کیلئے پالیسی تیار، جلد عملدرآمد شروع ہوجائیگا، تیمور سلیم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا میں کورونا وباء سے نمٹنے اور تدارک کے لیے مزید صحت عملے کی بھرتی کے لیے پالیسی تیار کرلی گئی ہے جس پر جلد عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔ صوبے میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے لیے استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا نے محکمہ صحت کے حکام کے اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ہیلتھ محمد یحیٰی اخونزادہ، سیکریٹری ریلیف، بحالی و آبادکاری عابد مجید، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر نیاز، ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ، اسسٹنٹ پروفیسر گجو خان میڈیکل کالج ڈاکٹر امجد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صحت عملے کی بھرتی کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ ماہر ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکس اور فارماسسٹ کی کنٹریکٹ پر بھرتی کے لیے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جلد بھرتی کے لیے اشتہار جاری کردیا جائے گا۔ صحت عملہ بھرتی کے لیے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکے گا جبکہ انٹریوز بھی وڈیو لنک کے ذریعے کیے جائیں گے۔ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ کورونا وباء سے پیدا شدہ صورتحال میں ماہر صحت عملے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اس وباء کی صورتحال میں شہریوں کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحت عملہ کورونا کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ دریں اثناء وزیر صحت نے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے لیے صوبے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پبلک ہیلتھ لیبارٹری خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے حکام بھی موجود تھے۔ تیمور سیلم جھگڑا نے کہا کہ صوبے کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں موجود معیار پر پورا اترنے والی لیبارٹریوں کو فعال کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح صرف پبلک ہیلتھ لیبارٹری کے ایم یو کی ہی روزانہ کی ٹیسٹنگ استعداد کار بڑھا کر ایک ہزار ٹیسٹ روزانہ کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

مزید :

صفحہ اول -