کورونا وائرس پر تین محاذپر لڑ رہے ہیں،ڈاکٹر ثاقب انصاری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماہر امراض خون ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہاہے کہ کورونا وائرس پر تین محاذ پر لڑ رہے ہیں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق اس سے بچاؤ، اس کے علاج اور معاشرے میں گھبراہٹ اور خوف کو ختم کرنا ہے۔ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے 90 فیصد متاثرین میں پلازما کی ضرورت نہیں پڑتی، ایف ڈی پلازمہ استعمال کر کے اینٹی باڈیز بنائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یحییٰ جعفری ایک ماہ قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے، یحییٰ جعفری نے اپنا پلازما عطیہ کیا ہے، یحییٰ جعفری کی ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہاکہ یحییٰ جعفری اپنے والدین کے ساتھ اپنا عطیہ دینے آئے ہیں اور ہم یحییٰ جعفری اور ان کے والدین کی ہمت کو داد دیتے ہیں۔ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہاکہ Passive Immunization کے ذریعے کورونا کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ڈینگی کے علاج میں کام کرنے والی مشنیں کورونامیں بھی کام کرتی ہیں۔ہمیں حکومت سے کوئی پیسہ نہیں چاہیے بس حکومت کے فیصلے کے منتظر ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران پلازمہ ڈونیٹ کرنے والے یحییٰ جعفری نے کہاکہ یہ وائرس تاریخ بن جا ئے گا لیکن ہماری کوشش یاد رکھی جائیگی، میری وجہ سے ملک کو کوئی فائدہ ہو تو میں حاضر ہوں۔انہوں نے کہاکہ اللہ کا شکر ہے مجھے کورونا وائرس سے ہوئی بیماری سے شفا ملی ہے۔کرکٹر رومان رئیس نے یحیی جعفری سے متعلق کہا کہ یحیی جعفری کی ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں، چیمئن ٹرافی کی طرح کورونا سے جیتیں گے۔