بلدیہ وسطی کا کورونا وائرس سے متعلق ایک اور بڑا اقدام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ضلع وسطی کا کورونا سے متعلق ایک اور بڑا قدم اٹھایا گیا،بلدیہ وسطی کی جانب سے سندھ حکومت کے کورونا ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ بائیس لاکھ پچھتر ہزار ایک سو باون روپے کا امدادی چیک جمع کروادیا گیا۔چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ سندھ حکومت کے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے صوبے بھر میں کئے جانے والے اقدامات قابل تعریف ہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے انہوں کہ حکومت سندھ کورونا ریلیف فنڈ کا درست استعمال کرے اور اس فنڈ سے ضرورت مند افراد کی فوری امداد کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ انکی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے تمام اراکین اسمبلی نے بھی سندھ حکومت کے کورونا ریلیف فنڈ میں اپنی ایک ماہ کی تنخواہیں اس امید اور یقین پر جمع کروائی ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں حق دار کو اسکا حق میسر آئے گا اور لاک ڈاؤن کی صورتحال کا سامنا کرنے والے غرباء و نادار افراد کے گھروں کا چولہا جلتا رہے گا۔ انہوں نے فلاحی اداروں اور مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ خدارا امداد دیتے وقت اپنی تشہیر اس حد تک کریں کہ سفید پوش غرباء و نادار مستحقین کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو۔ دوسری جانب چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے وفاقی حکومت کے احساس راشن پروگرام پر سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کا احساس راشن پروگرام بے حسی کا شکار ہوچکا ہے،اس پروگرام سے متعلق لوگوں کو کسی قسم کی بھی آگہی فراہم کرنے والا کوئی موجود نہیں ہے،کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں پریشان حال ضرورت مند افراد کھانے اور امداد حاصل کرنے کے لیے اپنے شناختی کارڈز کی کاپیاں جیبوں میں رکھے سڑکوں پر مارے مارے پھر رہے ہیں،ان ضرورت مند افراد کا کوئی پُر سان حال نہیں ہے۔دریں اثناء ریحان ہاشمی کی سربراہی میں بلدیہ وسطی کا کورونا وائرس سے بچاؤ اور پھیلاؤ کو روکنے کے لئے بھر پور اقدامات کا سلسلہ جاری ہے