کورونا کو زائرین اور تبلیغی جماعت سے جوڑنا ناقابل فہم ہے: مصطفی کمال

  کورونا کو زائرین اور تبلیغی جماعت سے جوڑنا ناقابل فہم ہے: مصطفی کمال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر زائرین اور تبلیغی جماعت کے اراکین مجرم نہیں بلکہ مریض ہیں اس لیے ان کے ساتھ انتظامیہ کی جانب سے مجرموں جیسا سلوک فوری بند ہونا چاہیے۔ کرونا کی وباء کو زائرین اور تبلیغی جماعت سے جوڑنا سراسر غلط اور ناقابل فہم ہے۔ کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں کسی مذہب یا مسلک کا کوئی قصور نہیں ہے۔ کرونا ایک عالمی وباء ہے جسے کسی مذہب یا مسلک سے جوڑنا انتہائی ظلم اور زیادتی ہے۔ پاک سر زمین پارٹی تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد کو ہراساں اور تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعات کی شدید مذمت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس سے جاری اپنے ایک وڈیو بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تبلیغی جماعت محبت اور امن سے اللّٰہ اور اسکے رسول ﷺ کا پیغام دنیا بھر کے انسانوں تک پہنچا رہی ہے۔ تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد عزت دار، محب وطن اور قانون پسند ہیں۔ جنہوں نے بطور جماعت ہمیشہ حکومتی احکامات کی پاسداری کی ہے۔ دعوت و تبلیغ کا کام کرنے والے پُرامن اور قانون پسند افراد پر پولیس کا تشدد قابل مذمت ہے۔ یہ وقت فرقہ واریت کا نہیں بلکہ ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنے کا ہے۔ یہ وقت اللہ کو راضی کرنے کا ہے نہ کہ آپسی تفرقات کو ابھار کر اللہ کو مزید ناراض کرنے کا۔

مزید :

صفحہ آخر -