انسانیت کی خاطر بڑا قدم، 90 سالہ خاتون نے جان دیکر نوجوان کی زندگی بچا لی
برسلز (ویب ڈیسک) انسانیت کی سب سے بڑی مثال یورپی ملک بلجیم میں سامنے آئی جہاں پر ایک 90 سالہ خاتون نے نوجوان کی جان بچانے کی خاطر اپنا وینٹی لیٹر اُسے دیدیا اور خود زندگی کی بازی ہار گئی۔
تفصیلات کے مطابق جان لیوا کورونا وائرس کے سبب بستر مرگ پر موجود ضعیف خاتون نے وینٹی لیٹر نوجوان کو دے کر انسانی ہمدردی کی نئی مثال قائم کردی اور اس عمل نے ضعیف العمر خاتون کو دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا دیا۔کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد معمر خاتون کو سانس لینے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جس پر ڈاکٹرز نے جان بچانے کے لیے وینٹی لیٹر مہیا کیا تاہم خاتون نے لینے سے انکار کردیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق معمر خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اچھی زندگی گزار چکی ہیں اور مجھے مصنوعی تنفس کی ضرورت نہیں لہذا یہ وینٹی لیٹر نوجوان کو دے دیا جائے تاکہ اس کی قیمتی جان بچ جائے۔ڈاکٹرز نے معمر خاتون کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے نوجوان کو وینٹی لیٹر پر رکھ دیا اور کچھ وقت بعد ضعیف خاتون کی سانسیں رک گئیں۔معمر خاتون نے اپنی جان پر نوجوان کی زندگی کو ترجیح دی اور زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئیں۔