سعودی عرب کی ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تیل کی یومیہ پیداوار ایک کروڑ بیس لاکھ بیرل ہوگئی
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کی ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تیل کی یومیہ پیداواری صلاحیت ایک کروڑ 10 لاکھ بیرل سے بڑھ کر ایک کروڑ 20 لاکھ بیرل سے زیادہ ہوگئی ہے۔
دنیا کی سب سے بڑی تیل کی کمپنی آرامکو کے اہلکاروں اور سعودی وزیر برائے انرجی نے بتایا ہے کہ یکم اپریل کو خام تیل کی پیداوار ایک کروڑ 20 لاکھ بیرل رہی.
حال ہی میں تیل پیدا کرنے والے ممالک کی نمائندہ تنظیم 'اوپیک' اور روس کے مابین تین سالہ معاہدہ ختم ہوا ہے, روس نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے تیل کی قیمتوں میں کمی کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے رد عمل میں اوپیک نے تیل کی پیداوار پر تمام پابندیاں ختم کر دی تھیں۔
اس سے قبل سعودی عرب ایک دن میں ایک کروڑ 10 لاکھ بیرل تیل پمپ کرنے میں کامیاب ہوا تھا, اس دوران آرامکو نے تیل کی یومیہ پیداوار ایک کروڑ 23 لاکھ بیرل تک بڑھانے کا عندیہ دیا تھا, آرامکو کا کہنا ہے کہ وہ اپنا ٹارگٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے جو کہ کمپنی کی آپریشنل صلاحیت اور سعودی عرب کے مارکیٹ شیئر جیتنے کی جنگ کے عزم کا ثبوت ہے۔
آرامکو نے تیل بردار ٹینکروں کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایک کروڑ 88 لاکھ بیرل تیل سے 15 ٹینکرز بھرے گئے ہیں، آرامکو نے پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ گاہکوں کو قیمتوں میں چھوٹ بھی دی ہے جس سے تیل کی صنعت میں خاطر خواہ تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد تیل کی قیمتوں اور طلب میں کمی آ گئی تھی.