نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم ،شاہ محمود قریشی نے مودی سرکار کے خلاف ایسا کام شروع کر دیا کہ تحریک آزادی کے متوالے خوش ہو جائیں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستانی حکومت نے مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف لنگوٹ کستے ہوئے بین الاقوامی سطح پر مودی سرکار کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کے لئےلابنگ تیز کر دی ہے،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے انڈونیشئن ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ نہتے کشمیریوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی ممکن ہو نی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انڈونیشیا کی وزیرخارجہ رتنو مارسودی سے رابطہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کرونا چیلنج سے نبرد آزما ہونے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی وبا کے باعث انڈونیشیا میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے انڈونیشیا کے بروقت اقدامات کو سراہا۔ شاہ محمود قریشی نے انڈونیشیا کی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ بے گناہ افراد کو محصور بنا رکھا ہے، بلا جواز محاصرے کے خاتمے کے لیے بھارت پر زور دیا جائے، نہتے کشمیریوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی ممکن ہو نی چاہیے۔دوسری جانب انڈونیشین وزیرخارجہ رتنو مارسودی نے پاکستان میں زیر تعلیم انڈونیشین طلبا کا خیال رکھنے پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔