پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والے ملازمین کو کتنے مہینے کی تنخواہ حکومت دے گی؟ سعودی عرب نے اعلان کردیا

پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والے ملازمین کو کتنے مہینے کی تنخواہ حکومت دے ...
پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والے ملازمین کو کتنے مہینے کی تنخواہ حکومت دے گی؟ سعودی عرب نے اعلان کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (وقار نسیم وامق) کورونا لاک ڈاؤن اور کرفیو کی وجہ سے متاثر ہونے والے پرائیویٹ سیکٹر ملازمین کو سعودی عرب کی حکومت نے بڑی خوشخبری سنادی, سعودی عرب میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کورونا وائرس کے حوالے سے پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متاثر ہونے والے نجی شعبے کی معاونت کے لئے 9 ارب ریال کا امدادی پیکیج مختص کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔اعلان کے مطابق سعودی کارکنوں کو 3 ماہ تک سوشل سکیورٹی انشورنس کی جانب سے 9 ہزار ریال ماہانہ ادا کیے جائیں گے تاکہ انہیں معاشی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایوان شاہی کی جانب سے جاری ہونے والے احکامات میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب بھی کورونا سے متاثر ہوا ہے، موجودہ صورتحال میں جہاں ادارے بند ہیں وہاں اس اندیشے کا بھی سامنا ہے کہ نجی شعبے میں کام کرنے والے سعودی بے روزگار ہوسکتے ہیں، سعودی کارکنوں کو بے روزگاری سے بچانے کے لیے خصوصی اقدامات کےتحت ریلیف پیکج جاری کیا گیا ہے جو سوشل سیکیورٹی انشورنس کی مد میں دیا جائے گا.سعودی حکومت کی جانب سے اس ریلیف کا اعلان صرف سعودی عرب کے شہریوں کیلئے کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کیلئے وہی کمپنیاں اپلائی کرسکیں گی جو سعودی شہریوں کو نوکری سے نہیں نکالیں گی۔

 احکامات میں مزید کہا گیاہے کہ ’نجی سیکٹر کو سعودی کارکنوں کی تنخواہوں کی مد میں سوشل سیکیورٹی انشورنس کے ادارے میں کلیم داخل کرانے کی اجازت ہوگی جہاں سے ہر سعودی کارکن کے لیے ماہانہ 60 فیصد تنخواہ یعنی  9ہزار ریال کا فنڈ جاری کیا جائے گا، حکومت کے اس اقدام پر 9 ارب سعودی ریال (2 اعشاریہ 39 ارب ڈالر) کے اخراجات آئیں گے۔یہ ادائیگی 3 ماہ تک کی جائیگی۔
شاہی احکامات کے حوالے سےچوزیر خزانہ اور ادارہ سوشل سیکیورٹی انشورنس کے چیئرمین محمد عبداللہ الجدعان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا اور اسے بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہی فیصلے سے لوگوں کو کافی سہولت میسر آئے گی۔