”عمر اکمل اپنی حرکتوں پر نظرثانی کرے اور۔۔۔“ شاہد آفریدی بھی چپ نہ رہ سکے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ عمر اکمل اپنی حرکتوں پر نظرثانی کرے اور اسے یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ وہ کس قسم کے لوگوں کیساتھ اٹھتا بیٹھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی نے عمر اکمل کا ذکر کیا اور کہا ”عمر اکمل کو واقعی اپنی ’کمپنی‘ سے متعلق نظرثانی کرنے اور اپنی ترجیحات سے متعلق فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ ایک بہت اچھے بلے باز ہیں لیکن اس طرح نہیں چل سکتے۔“
انہوں نے کہا کہ ”پاکستانی کھلاڑیوں کی اکثریت مناسب تعلیم کے بغیر ہی آگے آتے ہیں اور ایسے لوگوں کیلئے آسان شکار بن جاتے ہیں جو کرکٹ میں کرپشن کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ بورڈ کو ایسے کھلاڑیوں کیلئے گرومنگ اور ایجوکیشن پروگرام شروع کرنے کی ضرورت ہے اور ایسے ہی بہترین ٹیلنٹ کو سنبھالا جا سکتا ہے، عمر اکمل اس کی ایک مثال ہے، اور انہیں صرف اینٹی کرپشن کے قوانین کی شقوں سے متعلق بتانا ہی کافی نہیں ہے۔“