اداکارہ نادیہ جمیل کو بریسٹ کینسر کس سٹیج کا ہے اور ان کی سرجری کب ہوگی؟ مداحوں کو خود ہی آگاہ کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کی معروف اداکارہ اور بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی سماجی کارکن نادیہ جمیل کو بریسٹ کینسر تشخیص ہوا ہے۔ان کا کینسر پہلی سٹیج کا ہے اور ان کی ہفتے کے روز سرجری ہونی ہے۔
اداکارہ نادیہ جمیل نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں گزشتہ ہفتے کینسر تشخیص ہوا ہے جس کے باعث گزشتہ کچھ دنوں کے دوران انہیں بہت سی کیفیات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس دوران خوف، مایوسی، بے پناہ پیار ، قبولیت، صبر اور اپنے بچوں ، والدین، اپنے پیاروں اور اپنی ذات کیلئے ذمہ داری کا احساس بھی بڑھا ہے۔
نادیہ جمیل نے بتایا کہ انہیں پہلی سٹیج کا بریسٹ کینسر ہوا ہے اور ان کا ٹیومر گریڈ تھری کا ہے۔ انہوں نے خواتین سے درخواست کی کہ اگر وہ کچھ بھی غیر متوقع محسوس کریں تو فوری رد عمل دیں، اپنے جسم اور صحت کو کبھی نظر انداز نہ کریں، اگر آپ کو بریسٹ کی رسولیاں چیک کرنے کے عمل کے دوران کسی بھی قسم کی غیر متوقع چیز محسوس ہو تو اس پر فوری رد عمل دیں۔ اگرچہ جنوبی ایشیا میں بریسٹ کینسر پر بات کرنے میں شرم محسوس کی جاتی ہے لیکن اس کی آگاہی پھیلا کر اس شرم پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
نادیہ جمیل نے اپنے ٹوئٹر فالورز کو ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ان کی سرجری کی تاریخ آگئی ہے، ہفتے کی صبح ان کی سرجری کی جائے گی، " برائے مہربانی یہ یاد رکھیں کہ بریسٹ کینسر کو جلدی پکڑنا ضروری ہے اس لیے خواتین اپنی رسولیاں چیک کرنے کے عمل کو نظر انداز نہ کریں۔"