”سپاٹ فکسنگ کرنے والوں کو پھانسی دینی چاہئے“
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو معافی دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے کھلاڑیوں کو پھانسی دیدینی چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق جاوید میانداد نے کہا کہ ”سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو سخت سزائیں دینی چاہئیں۔ ایسے معاملات اسلام کے بھی خلاف ہیں اور ان کے ساتھ ایسے ہی نمٹنا چاہئے اور ایسے کھلاڑیوں کو واپس لانے والوں کو بھی شرم کرنی چاہئے۔ پی سی بی ان کھلاڑیوں کو معافی دے کر صحیح کام نہیں کر رہا۔ سپاٹ فکسرز کو پھانسی دینی چاہئے کیونکہ یہ جرم قتل جیسا ہی ہے اور سزائیں بھی اسی طرح کی ملنی چاہئیں۔ اس حوالے سے مثال قائم کرنی چاہئے تاکہ کوئی بھی کھلاڑی دوبارہ ایسا کرنے کا سوچے بھی نہ۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ”میں یہ روحانی پہلو سے بھی واضح کرنا چاہوں گا کہ سپاٹ فکسنگ یا جواءکھیلنے والے کھلاڑی اپنے والدین اور اہل خانہ کیساتھ بھی سنجیدہ نہیں ہیں۔ ایسے معاملات انسانی بنیاد پر بالکل بھی درست نہیں ہیں اور ایسے لوگوں کو جینے کا کوئی حق نہیں، کھلاڑیوں کیلئے یہ بہت آسان ہے کہ وہ سپاٹ فکسنگ وغیرہ کر کے پیسہ بنائیں اور پھر اپنے ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے دوبارہ قومی ٹیم میں واپس آ جائیں۔“
جاوید میانداد نے کھلاڑیوں کو زور دیا کہ وہ میدان میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے اپنا نام بنائیں نا کہ اس طرح کے غیر قانونی اور گھٹیا کام میں پڑ جائیں۔ انہوں نے کہا ”کرکٹ کا کھیل خوشیاں پھیلاتا ہے۔ جب آپ سنچری بناتے ہیں تو پوری قوم خوشی مناتی ہے۔ جب ہم نے ورلڈکپ جیتا تھا تو پوری دنیا نے ہماری تعریف کی تھی۔“