شین وارن کے بعد سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے بھی پاکستان کی ”آل ٹائم بیسٹ الیون“ منتخب کر لی، کون سے کھلاڑی شامل ہیں اور کپتان کون ہے؟

شین وارن کے بعد سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے بھی پاکستان کی ”آل ٹائم بیسٹ ...
شین وارن کے بعد سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے بھی پاکستان کی ”آل ٹائم بیسٹ الیون“ منتخب کر لی، کون سے کھلاڑی شامل ہیں اور کپتان کون ہے؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق آسٹریلین سپنر شین وارن کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپننگ بلے باز آکاش چوپڑا نے آل ٹائم پاکستان ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کا انتخاب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آکاش چوپڑا نے اپنی ٹیم میں سعید انور اور ایشین ڈان بریڈمین ظہیر عباس کو اوپننگ جوڑی کے طورپر شامل کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے ”سعید انور بہت ہی خوبصورت اوپننگ بلے باز تھے جن میں لمبی اننگز کھیلنے کیلئے زبردست ٹمپرامنٹ موجود تھا۔ وہ ایک میچ ونر تھے اور ایک بھارتی مداح کے طور پر بات کروں تو ہم ان سے ڈرتے تھے کیونکہ وہ اپنی بیٹنگ کے ذریعے آپ کو بہت نقصان پہنچا سکتے تھے جبکہ ان کیساتھ اوپننگ کیلئے میں نے ظہیر عباس کا انتخاب کیا ہے جو ایک اور شاندار کھلاڑی تھے۔“
آکاش چوپڑا نے انضمام الحق اور جاوید میانداد کو بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلئے منتخب کرتے ہوئے کہا ”انضمام الحق فٹنس مسائل کے باوجود ٹاپ کلاس کھلاڑی تھے اور فاسٹ باﺅلرز کیساتھ ساتھ سپنرز کیلئے بھی اتنے ہی خطرناک تھے۔ جاوید میانداد بھی بہت شاندار کھلای تھے جن کا بلا ہاکی کی طرح گھومتا تھا، وہ سنگلز حاصل کرنے میں بہت مہارت رکھتے تھے لیکن باﺅنڈریز بھی بہت زیادہ لگاتے تھے۔“
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ 1992ءجیتنے والی قومی ٹیم کے کپتان عمران خان اور جارح مزاج آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی بھی آکاش چوپڑا کی ٹیم کا حصہ ہیں جن سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ ” عمران خان ناصرف بہت بڑے لیڈر تھے بلکہ ایک معیاری آل راﺅنڈر بھی تھے۔ شاہد آفریدی بیٹنگ کے شعبے میں ’ہٹ اینڈ مس‘ تھے لیکن جیسے ہی ان کا کیرئیر آگے بڑھا تو وہ ایک شاندار باﺅلر بن کر ابھرے جبکہ وہ ایک اچھے فیلڈر بھی تھے۔“
آکاش چوپڑا نے وکٹ کیپر کیلئے معین خان کا انتخاب کیا جبکہ پاکستان کے مایہ ناز سابق آل راﺅنڈر عبداالرزاق بھی آکاش چوپڑا کی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا ”معین خان وکٹوں کے پیچھے بہت محفوظ ہاتھ رکھتے تھے جس کے باعث بلے باز کو بہت مشکل پیش آتی تھی۔ میں نے عبدالرزاق کو نمبر 8 پر بیٹنگ کیلئے منتخب کیا ہے، وہ ایک اچھے باﺅلر تھے لیکن اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو یہ سکھاتے تھے کہ اگلی ٹانگ کو کلیئر کر کے بڑی شاٹس کیسے کھیلنی ہیں۔“
سابق بھارتی اوپننگ بلے باز نے باﺅلنگ کے شعبے میں دنیائے کرکٹ کے بڑے ناموں وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کو شامل کیا ہے جبکہ ثقلین مشتاق واحد سپنر ہیں۔ آکاش چوپڑا نے ان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ”وسیم اکرم ایک مکمل پیکیج تھے۔ وہ نئی اور پرانی گیند کیساتھ شاندار باﺅلنگ تو کرتے ہی تھے مگر جارحانہ بیٹنگ بھی ان کا خاصہ تھی جبکہ وقار یونس ایک اور میچ ونر کھلاڑی تھے بالخصوص ان کی ریورس سوئنگ کے بارے میں تو سب ہی جانتے ہیں۔ ثقلین مشتاق میرے واحد فرنٹ لائن سپنر ہیں کیونکہ اس ٹیم میں پہلے سے ہی شاہد آفریدی بھی موجود ہیں۔ ثقلین مشتاق شاندار باﺅلر ہونے کے علاوہ ’دوسرا‘ کے موجد بھی تھے اور آخر میں اپنے بہترین دوست شعیب اختر کو ٹیم میں شامل کرنا چاہوں گا۔“

مزید :

کھیل -