”کورونا وائرس کے خلاف لڑنے میں حکومتوں سے زیادہ تیز کام کر سکتے ہیں “بل گیٹس نے دنیا بھر کی حکومتوں کو چیلنج کردیا ،ساتھ ہی کورونا سے نمٹنے کا اپنا طریقہ بھی بتا دیا
نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن )مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا فلاحی ادارہ گیٹس فاﺅنڈیشن کورونا وائرس کی وبا کے خلاف لڑنے کے حوالے سے حکومتوں سے زیادہ تیز کام کرسکتا ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے بتا یا کہ ہمارا ادارہ وبائی امراض کے حوالے سے مہارت رکھتا ہے، ہم نے وبا کے بارے میں سوچ رکھا تھا، ہم کچھ امور جیسے ویکسین کی تیاری کے حوالے سے زیادہ تیار ہیں، ہماری سرمایہ کاری تیاری کے عمل کی رفتار کو تیز کرسکتی ہے۔بل گیٹس نے کہا کہ تیاری کے مراحل سے گزرنے والی متعدد ویکسینز میں سے 7 بہترین کا انتخاب اور ان کی تیاری کے لیے فیکٹریاں تعمیر کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا اگرچہ ہم آخر میں ان میں سے 2 کا ہی انتخاب کریں گے، مگر ہم تمام ویکسینز کے لیے الگ الگ فیکٹریوں کی تعمیر پر سرمایہ لگائیں گے، ہوسکتا ہے کہ اربوں ڈالرز ضائع ہوجائیں مگر آخر میں موثر ترین ویکسین کی فیکٹری کے لیے وقت ضرور بچ جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی تیاری اور فیکٹری کی بیک وقت تعمیر کرنا، ویکسین کو تیزی سے تیار کرنے کے لیے ضروری ہے۔