کورونا سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات، عالمی سروے میں پاکستانی شہری سب سے غیر ذمہ دار قرار
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) گیلپ کی جانب سے کیے گئے سروے میں 43 فیصد پاکستانیوں نے کہا ہے کہ انہوں نے کورونا وائرس سے بچنے کیلئے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے، یہ سروے میں شریک 28 ممالک میں بے احتیاطی کی سب سے بلند ترین سطح ہے۔
پاکستان کے چاروں صوبوں میں کیے گئے سروے میں شریک 26 فیصد لوگوں نے بتایا کہ وہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے میڈیکل ماسک استعمال کر رہے ہیں، 13 فیصد نے بتایا کہ وہ دستانے پہن رہے ہیں جبکہ 10 فیصد لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ ہینڈ سینیٹائزر استعمال کر رہے ہیں۔ 43 فیصد شرکا نے ہاتھ دھونے، 20 فیصد نے سماجی میل جول کم کرنے، 3 فیصد نے خود کو قرنطینہ کرنے کا اقرار کیا۔ سروے میں شریک 43 فیصد پاکستانی ایسے بھی تھے جنہوں نے بتایا کہ انہوں نے ابھی تک کوئی بھی احتیاطی تدبیر اختیار نہیں کی۔
گیلپ کے سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ عالمی سطح پر صرف 9 فیصد لوگ ایسے ہیں جنہوں نے کورونا وائرس سے بچنے کیلئے کوئی احتیاطی تدبیر اختیار نہیں کی۔ انڈیا میں 70 فیصد اور افغانستان میں 74 فیصد لوگ ایسے ہیں جو کورونا وائرس سے بچنے کیلئے میڈیکل ماسک استعمال کر رہے ہیں جبکہ پاکستان میں یہ شرح مایوس کن حد تک کم ہے۔