اقوام متحدہ میں پاکستان کے نئے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار کے سفارتی کیریئر پر اِک نظر

Apr 03, 2025 | 08:03 PM

نیویارک (طاہر محمود چوہدری سے)اقوام متحدہ میں پاکستان کے نئے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتیرش کو اپنی اسناد  تقرری پیش کر کے پاکستان کے مستقل مندوب چارج سنبھال لیا ہے۔

سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے دوران، سفیر عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے منشور اور کثیر الجہتی سفارت کاری کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ سیکریٹری جنرل گوئتیرس نے سفیر عاصم افتخار کو ان کے نئے منصب پر مبارکباد دی اور ان کی کامیاب مدتِ ملازمت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

عاصم افتخار احمد نے سفیر منیر اکرم کی جگہ لی ہے، جنھوں نے 31 مارچ، 2025 کو اپنا منصب چھوڑا ہے۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے 1993 میں پاکستان کی فارن سروس میں شمولیت اختیار کی۔3 دہائیوں پر محیط اپنے سفارتی کیریئر کے دوران، انہوں نے یورپ، افریقہ، ایشیا ءاور اقوام متحدہ سمیت مختف ممالک میں خدمات سرانجام دیں۔ وہ وزارتِ خارجہ اور پاکستان کے سفارتی مشنز میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔

نومبر 2022 سے دسمبر 2024 تک، وہ پاکستان کے سفیر برائے فرانس اور موناکو، اور یونیسکو میں پاکستان کے مستقل مندوب کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔

پیرس میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل، وہ اگست 2021 سے نومبر 2022 تک وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ اس دوران، انہوں نے پہلے ایشیا ءپیسفک ڈویژن اور بعد ازاں اقوام متحدہ و اقتصادی سفارت کاری ڈویژن کے ایڈیشنل فارن سیکریٹری کے طور پر فرائض سرانجام دیئے۔

عاصم افتخار 2017 سے 2021 تک تھائی لینڈ میں پاکستان کے سفیر رہے۔ ان کی پہلی سفارتی تقرری 1997 سے 2000 تک نیامے، نائجر یامیں ہوئی تھی۔ وزارتِ خارجہ میں انہوں نے پرسنل، یورپ اور افریقہ ڈویژنز میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔

انہوں نے خاص طور پر کثیر الجہتی سفارت کاری میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، وزارتِ خارجہ میں قیادت کے عہدوں سے لے کر اقوام متحدہ کے نیویارک اور جنیوا میں اہم ذمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے 1991ء میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، لاہور سے گولڈ میڈل کے ساتھ الیکٹریکل انجینئرنگ اور پنجاب یونیورسٹی، لاہور سے بیچلر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

27 نومبر 1966 کو لاہور میں  پیدا ہونے والے سفیر عاصم افتخار احمد شادی شدہ ہیں اور ان کی 3 بیٹیاں ہیں۔ وہ فرانسیسی زبان سے واقف ہیں اور گالف، ٹینس، سنوکر اور کرکٹ کھیلنے کا شوق رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں