صوبائی دارالحکومت میں ڈاکوﺅں نے 12روز میں ایک ارب مالیت کا سامان لوٹ لیا ، مزاحمت پر 3 افراد قتل

صوبائی دارالحکومت میں ڈاکوﺅں نے 12روز میں ایک ارب مالیت کا سامان لوٹ لیا ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (رپورٹ: یونس باٹھ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈاکوﺅں نے ”اَت“ مچا دی ہے اور صرف 12 روز میں ڈاکوﺅں نے مزاحمت پر 3 افراد کوفائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا ہے جبکہ ڈکیتی چوری اور راہزنی کی 600 سے زائد وارداتوں میں ایک ارب روپے سے زائد مالیت کا سامان لوٹ لیا ہے۔ شہر میں سب سے زیادہ وارداتیں صدر ڈویژن میں ہوئیں جبکہ سٹی ڈویژن دوسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے رواں سال کے دوران ڈکیتی چوری اور راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ معمول بن گیا ہے۔ خاص طور پر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ڈاکوﺅں نے شہر میں یلغار کردی ہے۔ رمضان المبارک کے پہلے بارہ روز میں اب تک 600 سے زائد ڈکیتی چوری کی وارداتیں ہوچکی ہیں۔ پولیس نے 90 فیصد وارداتوں کے مقدمات اندراج نہیں کئے۔ گزشتہ سال 2011ءکے دوران رمضان المبارک کے پہلے بارہ روز میں شہر میں 270 وارداتیں ہوئیں، 40 کروڑ روپے مالیت کا سامان لوٹا گیا جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر ایک شہری قتل ہوا۔ بارہ روز کے دوران لاہور پولیس کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور شہر سے ڈاکوﺅں کے صرف دو گروہ گرفتار ہوسکے اوران سے برآمدگی بھی کوئی خاص نہیں ہوئی جبکہ گزشتہ سال 2011ءکے دوران لاہور پولیس نے رمضان المبارک کے پہلے 12 روز میں شہر سے ڈاکوﺅں کے 5 گروہوں کے 22 ملزمان گرفتار کرکے 20 لاکھ سے زائد مالیت کا سامان لوٹ لیا تھا۔ رواں سال کے دوران لاہور پولیس نے ٹارگٹ کلنگ کے اجرتی قاتلوں کو تو گرفتار کرلیا ہے جس میں ملزمان نے سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ نصراللہ وڑائچ کوفائرنگ کرکے قتل کیاتھا۔ تاہم پولیس ڈاکوﺅں کے کسی بھی بڑے گروہ کو گرفتار نہیں کرسکی۔ لاہور پولیس کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی محمد اسلم ترین نے مو¿قف اختیار کیا ہے کہ رمضان المبارک میں ہر سال وارداتوں میں اضافہ قدرتی امر ہے۔ تاہم اس سال لاہور پولیس وارداتوں کی روک تھام کیلئے شہر کی ناکہ بندی کررہی ہے اور پولیس کو الرٹ کردیا گیاہے۔

مزید :

صفحہ آخر -