فروٹ منڈی :بم دھماکوں میں زخمی ہونیوالے 3 افراد ہسپتال میں دم توڑ گئے

فروٹ منڈی :بم دھماکوں میں زخمی ہونیوالے 3 افراد ہسپتال میں دم توڑ گئے

لاہور(سپیشل رپورٹر)راوی روڈ کے علاقہ فروٹ منڈی میں ایک روز قبل رات کو یکے بعد دیگرے ہونے والے دو بم دھماکوں میں زخمی ہونے والے 20 سے زائد افراد میں سے 3افراد گزشتہ روز ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل رات کو راوی روڈ کے علاقہ فروٹ منڈی میں 6 سے 7 منٹ کے وقفے کے دوران یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے ہوئے تھے جن میں 20 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔ جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال میں داخل کروادیا گیا تھا جہاں پر گزشتہ روز شاہدرہ جیا موسیٰ مسلم کالونی کا رہائشی 24 سالہ وقاص اور پشاور کا رہائشی سلیم خان اور کامونکے کا رہائشی سہیل احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔ جبکہ اس سانحہ میں ہلاک ہونے والے وقاص کے بھائی نعمان سمیت متعدد زخمیوں کی حالت ہسپتال میں نازک بیان کی جاتی ہے۔ ہلاکتوں کی اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے ابتدائی طور پر تینوں مقتولین کی نعشوں کو اپنے قبضے میں لینے کے بعد انہیں پوسٹمارٹم کے بعد مردہ خانے میں جمع کروایا جہاں بعد میں پولیس کی نگرانی میں ہی پوسٹمارٹم کا مکمل ہونے کے بعد ان نعشوں کو پولیس نے ان کے ورثاءکے حوالے کردیا ہے۔ اس بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے پشاور کے رہائشی سلیم خان اور کامونکے کے رہائشی سہیل احمد کی نعشیں ان کے ورثاءاپنے آبائی علاقوں میں لے گئے جبکہ شاہدرہ کے رہائشی وقاص احمد کی نعش جب اس کے گھر پہنچی تو وہاں پر کہرام برپا ہوگیا۔ مقتول کے اہلخانہ اور دیگر عزیزواقارب اس کی نعش سے لپٹ کر زاروقطار روتے رہے اور رمضان المبارک کے مبارک مہینے میں دہشت گردی اس گھناﺅنی واردات میں ملوث عناصر کو جھولیاں اٹھا اٹھا کر بددعائیں دیتے رہے۔ بعدازاںمقتول وقاص احمد کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

مزید : صفحہ اول