صدر زرداری سے اسفند یار ولی کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

صدر زرداری سے اسفند یار ولی کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

 اسلام آباد(این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی باچا خان مرکز سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیار ولی خان نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی ‘ اس موقع پر دونوں رہنماﺅں نے مجموعی ملکی سیاسی صورتحال‘ عوامی مسائل اور پختونخوا کے اہم مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ‘ ملاقات کا سب سے اہم ایجنڈا توانائی کا بحران اور بجلی کی لوڈشیڈنگ تھا ‘ اسفندیار ولی خان نے صدر مملکت کو بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ سے پختونخوا اور فاٹا کے عوام کو درپیش شدید مشکلات سے بھی آگاہ کیا ‘ عوامی نیشنل پارٹی کے قائد نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک ایسا صوبہ جو اپنی کھپت سے کہیں زیادہ بجلی پیداکر رہا ہے مگر اس کے باوجود بھی وہاں کے عوام کو ماہ مبارک میں بھی بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے ‘ صدر مملکت آصف علی زرداری نے عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیارولی خان کو یقین دہانی کرائی کہ پختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کےلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ ملاقات میں عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیارولی خان نے پختونخوا کو درپیش تین دیگر بڑے مسائل بھی اٹھائے جس میں پن بجلی کے منافع کا 1992ءسے غیر آئینی انجماد ‘ چشمہ لفٹ کینال کے لئے معقول فنڈز کی فراہمی جس کا سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اعلان کیا تھا مگر اس منصوبے کے لئے خاطر خواہ فنڈز مختص نہیں کئے گئے اور تیسرا اہم ایشو باچاخانؒ انٹرنیشنل ائر پورٹ کی توسیع سے متعلق تھا ‘ اسفند یار ولی خان ان ایشوز پر صدر مملکت سے دو ٹوک بات کی جس پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے یقین دلایا کہ ان تمام ایشوز پر وزیر اعظم راجہ پر ویز اشرف سے بات کرینگے ‘ اور ان کے حل کی راہیں نکالی جائیں گی۔

مزید : صفحہ اول