اولمپکس ہاکی ، پاکستان آج اپنا تیسرا میچ انگلینڈ کیخلاف کھیلے گا

اولمپکس ہاکی ، پاکستان آج اپنا تیسرا میچ انگلینڈ کیخلاف کھیلے گا

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) لندن اولمپکس میں پاکستانی ہاکی ٹیم اپنا تیسرا میچ میزبان انگلینڈ کے خلاف آج کھیلے گی۔ اس سے پہلے پاکستان کی ٹیم نے اپنا پہلا میچ سپین کے خلاف ایک ایک گول سے برابر کھیلا تھا جبکہ دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے ارجنٹائن کی ٹیم کو2-0 سے شکست دی تھی ۔ قومی ٹیم اپنا تیسرا اور انتہائی اہم میچ برطانیہ کے خلاف کھیلے گی جبکہ چوتھا میچ جنوبی افریقہ اور پانچواں اور آخری میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان سہیل عباس نے کہا ہے کہ اولمپکس میں جیت لوگوں کی دعائیں اور کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے، ان کے حوصلے بلند ہیں، مگرانہیں محنت کرنے کی مزید ضرورت ہے۔قومی ہاکی ٹیم کی اولمپکس میچ میں جیت کے بعد کپتان سہیل عباس نے مےڈےاسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان میں لوگوں کی دعائیں اور کھلاڑیوں کی محنت رنگ لے آئی، جیت کے لیے پوری ٹیم نے کوشش کی. انہوں نے کہا کہ جیت سے ٹیم کا حوصلہ بلند ہوا ہے،قوم سے اپیل ہے کہ رمضان میں ٹیم کے لیے دعا کریں، سہیل عباس نے کہا کہ اب ان کا مقابلہ میزبان ٹیم برطانیہ سے ہوگااور ٹیم پر کوئی دباﺅ نہیں، انہوں نے کہا کہ ہارجیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، مگرمحنت کی مزید ضرورت ہے۔ اولمپکس میں دنیا کی 12 بہترین ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ ارجنٹائن کے خلاف کامیابی کے بعد قومی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور تمام کھلاڑی برطانیہ کے خلاف بھی کامیابی حاصل کرنے کےلئے پرعزم ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی