ہنرکدہ کالج آف ویژوئل اینڈ پرفارمنگ آرٹ کے زیر اہتمام چلڈرن آرٹ شو جاری
اسلام آباد (اے پی پی) ہنرکدہ کالج آف ویژوئل اینڈ پرفارمنگ آرٹ کے زیر اہتمام چلڈرن آرٹ شو جاری ہے اور22 طالب علموں کے 200 فن پارے نمائش میں رکھے گئے ہیں۔ ہنرکدہ نے آرٹ میں دلچسپی رکھنے والے طالب علموں کےلئے 6 ہفتوں پر مشتمل سمرآرٹ ورکشاپ کا اہتمام کیا ہے جس کامقصد ان باصلاحیت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ آرٹ کے شعبہ میں اہم خدمات سرانجام دے کر ملک وقوم کا نام روشن کرسکیں۔ ورکشاپ میں 4 سے 14 سال تک کے طالب علموں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی اور ورکشاپ کے دوران انہیں پینٹنگز، ڈیزائن، سرامکس، مجسمہ سازی اور پرنٹ میکنگ کی تربیت فراہم کی گئی اور ان بچوں کو مختلف میڈیمز، واٹر کلرز، آئل پینٹ اور مکس میڈیا کے استعمال کے بارے میں بتایا گیا۔ سمر آرٹ ورکشاپ 18جون سے شروع ہوئیں اور 30جولائی کو اختتام پذیر ہوئیں۔ جس کے بعد ان بچوں کے فن پاروں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔