گلوکارہ صومیہ خان کے ویڈیوکا ٹیزر سوشل میڈیاپر ریلیز
لاہور(فلم رپورٹر)نوجوان نسل کی مقبول گلوکارہ صومیہ خان کے نئے گیت”تینوں دل دی گل سنا نی اے“ کی ویڈیو کا ٹیزر گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ریلیز کردیا گیا۔فیس بک پر اس ٹیزر کو لاکھوں لوگ لائیک کرچکے ہیں جبکہ تین لاکھ کے قریب پرستار اپنی اپنی رائے کا اظہار کرچکے ہیں ۔کسی بھی گلوکارہ کے گیت کے ٹیزر کو پسند کئے جانے کا یہ سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔اس گیت کی ویڈیو کو معروف شاعر و نغمہ نگارکے ایس کاظمی نے ڈائریکٹ کیا ہے اس ویڈیو میں لالی ووڈ سٹار بابر علی اور رباب الماس نے پرفارم کیا ہے۔کے ایس کاظمی اس سے قبل کئی شہرہ آفاق ویڈیوز ڈائریکٹ کرچکے ہیں۔”پاکستان“سے گفتگو کرتے ہوئے صومیہ خان نے بتایا کہ میرے کیرئیر کو موجودہ مقام تک لانے میں کے ایس کاظمی کا بہت بڑا ہاتھ ہے وہ ایک انتہائی با صلاحیت شخصیت کے حامل ہیں۔کے ایس کاظمی نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے کام کو ایمانداری سے انجام دیا ہے یہی وجہ ہے کہ کامیابی میرے قدم چومتی ہے۔یہ ویڈیو ایک دو روز میں تمام چینلز پر آن ائیر کردی جائے گی۔