فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام پر عالمی برادری کی خاموشی انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے، مولانا محب النبی
لاہور(سٹاف رپورٹر)جمعیة علماءاسلام ضلع لاہور کے امیر مولانا محب النبی ، ناظم عمومی حافظ محمد اشرف گجر، ناظم اطلاعات حافظ غضنفرعزیز نے کہا ہے کہ فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام پر عالمی ضمیر کی خاموشی انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے، مسلمان حکمرانوں اور عالمی برادری کی خاموشی نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ اس دنیا میں انسانیت کی کوئی رمق باقی نہیں رہی اور دنیا میں جنگل کا قانون نافذ ہے ، انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی بربریت اور فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام پر اسے دہشت گرد ریاست قرار دیا جائے، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو تیل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہئے جس سے مسلمانوں کو اپنی عزت ووقار کااحساس دلایا جاسکے گا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکہ کے اسرائیل کی مسلسل حمایت پر مسلمان امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں اورامریکی معیشت کو کمزور کریں، انہوں نے مسلم حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کیلئے آگے بڑھیں اور عالمی سطح پر اپنے کردار کو مو¿ثر بنائیں۔