یتیم‘ نادار اور بے سہارا طلبہ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

یتیم‘ نادار اور بے سہارا طلبہ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

لاہور ( خبرنگار) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہر سال کی طرح رواں عیدالفطر پر بھی نرسری تا میٹرک سطح تک جماعت کے یتیم‘ نادار اور بے سہارا طلبہ کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب پنجاب ماڈل ہائی سکول واقع کوثر کالونی ماڈل ٹاﺅن لاہور میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور میں فروغ تعلیم کیلئے کوشاں غیر سرکاری سماجی تنظیم ”سیو دی ڈیزورنگ چلڈرن“ کی سیکرٹری جنرل ساجدہ منظور نے بے سہارا‘ نادار اور یتیم طلبہ میں عید گفٹ پیک اور 100 سے زائد طلبہ میں ایک ہزار روپے فی کس عیدی تقسیم کی۔ اس موقع پر سکول کی پرنسپل مسز شاہینہ سمیت علاقہ کے دیگر معززین اور مخیر حضرات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ غیر سرکاری سماجی تنظیم ”سیو دی ڈیزورنگ چلڈرن“ کی جنرل سیکرٹری ساجدہ منظور نے تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخیر حضرات کو بے سہارا طلبہ کی کفالت ایک قومی ذمہ داری سمجھ کر سرانجام دینی چاہئے تاکہ ملک کی شرح خواندگی میں اضافہ کرکے اسے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شامل کیا جاسکے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ انکی تنظیم پنجاب یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ پر مشتمل ہے اور وہ ہر سال 50 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ملکی اور غیر ملکی ڈونرز سے اکٹھی کرکے بے سہارا طلبہ کی تعلیم و تربیت پر گزشتہ 10 سالوں سے خرچ کر رہے ہیں۔ میڈم ساجدہ منظور نے کہا کہ ملک کے ہر بچے کو میٹرک تک مفت تعلیم کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور نرسری تا میٹرک تک تعلیم کا حصول بچوں کا بنیادی حق ہے کیونکہ کسی کو کیا خبر ہے کہ ”آئن سٹائن“ کہاں چھپا بیٹھا ہے۔ تقریب سے پنجاب ماڈل سکول کی پرنسپل مسز شاہینہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر انجمن شہریان کوٹ لکھپت کے صدر چوہدری ایم مقبول احمد‘ انجمن تاجران لیاقت آباد‘ انجمن تحفظ تاجران کیو بلاک (سلیم پلازہ) سمیت ماڈل فلاحی سوسائٹی کوٹ لکھپت‘ سٹیزن فورم ماڈل ٹاﺅن اور علاقہ کے معززین بھی موجود تھے۔دریں اثناءاس موقع پر 14 اگست کو قیام پاکستان کی یوم آزادی کی تقریبات کو بھرپور طریقے سے منانے کا بھی اعلان کیا گیا۔ قیام پاکستان کے حوالے سے یوم آزادی کے موقع پر سکول میں یتیم‘ نادار اور بے سہارا طلبہ رنگا رنگ پروگرام بشمول ٹیبلو‘ ملی نغمے اور ڈرامے پیش کرینگے اور طلبہ کے مابین ان ڈور اور آﺅٹ ڈور کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہونگے۔ یوم آزادی کی تقریبات کی مہمان خصوصی ”سیو دی ڈیزورنگ چلڈرن“ کی جنرل سیکرٹری میڈم ساجدہ منظور جبکہ سکول کی پرنسپل مسز شاہینہ صدارت کرینگی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1