عوام کو آئی ڈی پیز کی مشکلات دور کرنے کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے، صائمہ شبیر
لاہور(کامرس رپورٹر) الخدمت خواتین ٹرسٹ کی ناظمہ صائمہ شبیر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک نے ہمیں جس ڈسپلن اور صبر کا درس دیا ہے اسے ہمیں روز مرہ زندگی میں بھی برقرار رکھنا چاہئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے باعث بے گھر ہو جانے والے لاکھوں آئی ڈی پیز نے عید الفطر انتہائی بے سروسامانی کی حالت میں گزاری ہے ہمیں ان کی مشکلات دور کر نے کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے انہوں کہا کہ الخدمت ٹرسٹ آئی ڈی پیز کی غذائی و دیگر ضروریات پوری کرنے میں ہر ممکن کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ عوام نقد رقوم کے ساتھ ساتھ ادویات کپڑے ،بسکٹ اور دیگر اشیاءعطیہ میں دے سکتے ہیں۔