عمران کیا ہماری حکومتیں گرائینگے ، ہم چاہیں تو خیبر پی کے میں 24گھنٹے میں ن لیگ آ جائے ، رانا مشہود
لاہور ( خبرنگار) وزیر قانون پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ 2014 ءپاکستان کی جمہوری حکومت کے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا سال ہے -پاکستان کا اصل چیلنج یہ ہے کہ دنیا میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے قومی معیشت کا پہیہ چلے اور بیروزگاری و مہنگائی پرقابوپایا جائے- پوری دنیا اس چیلنج سے نمٹنے میںہم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کررہی ہے سوائے ان ”فسادیوں“ کے جنہیں معلوم ہے کہ اگر مسلم لیگ (ن) کے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوگئے تو یہ فسادی عناصر عوام کی نظروں سے فارغ ہو جائیں گے- ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن راوی لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) حلقہ پی پی 149کے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پوری قوم آج دہشت گردوں کا مکمل صفایا چاہتی ہے اور اس مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے اپنا گھر بار چھوڑ کر آنے والے دس لاکھ ہم وطنوں کی مدد پر پوری طرح کمربستہ ہے لیکن غیرملکی طاقتوں کے زیراثر عمران خان جیسے یہودیوں کے ایجنٹ پاکستان میں دیرپاامن کے ضامن آپریشن ”ضرب عضب “ کو سبوتاژ کرنے میں لگے ہوئے ہیں- انہوں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں فرزندان توحید کی جانی اور مالی قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہوا تھا-پاکستان کی خالق جماعت مسلم لیگ جتنی مضبوط ہوگی ، پاکستان اتنا ہی مضبوط ہوگا- پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر ایک زندہ قوم کی حیثیت سے ہمیں دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم ایک ہیںلیکن عمران خان جیسے بیرونی طاقتوں کے ایجنٹ اس مرتبہ 14اگست کو یوم آزادی کے موقع پر دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستانی قوم تقسیم شدہ ہے-رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ عمران خان آج بھی ان طالبان دہشت گردوں سے مذاکرات جاری رکھنے کی بات کررہا ہے جنہوں نے ہزاروں بے گناہ پاکستانیوں کو بموں سے اڑایا اور افواج پاکستان کے بہادرجوانوں کے گلے کاٹ کر ان کی کھوپڑیوں سے فٹ بال کھیلنے کی وڈیوفلمیں جاری کرتے رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ میں عمران خان سے پوچھتا ہوں کہ تم پاکستان کی نمائندگی کرتے ہویا دہشت گردوں کی نمائندگی کرتے ہو؟ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ فاٹا کے لوگ بھی اپنے قبائل میں امن اور ترقی چاہتے ہیں اور پاکستان کی سرزمین پر فساد پھیلانے کے حق میں ہرگز نہیں ہیں- صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ عمران خان اور اس کے حواری وفاق اور پنجاب کی حکومتیں کیا گرائیں گے ، اگر ہم نے فیصلہ کر لیا تو خیبر پختونخوا میں 24 گھنٹے کے اندر پاکستان مسلم لیگ (ن)آجائے گی - وہاں آج تحریک انصاف کی حکومت مسلم لیگ(ن ) کی خیرات سے ہے اور ہم نے انہیں اس لئے وہاں پرفارم کرنے کا موقع دیا تھا کہ پانچ سال بعد پرفارمنس کی بنیاد پر مقابلہ ہو گا - افسوس کی بات ہے کہ عمران خان میں کبھی سپورٹس مین سپرٹ نظر نہیں آئی- انہوںنے کہا کہ عمران خان دس لاکھ لوگ اپنے ساتھ لے کر 14اگست کو اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کے ارادے سے باز نہ آیا تو مسلم لیگ (ن)کی قیادت 18 اگست کو 20 لاکھ لوگ لے کر پشاور جائے گی اور ”انصاف “والوں کے عذاب سے خیبرپختونخوا کے عوام کونجات دلائے گی-رانا مشہود احمدنے 14 اگست کے باوقار دن کو متنازعہ بنانے کی جسارت کوئی پاکستان دشمن ہندو کرتا تو بات سمجھ میں آجاتی لیکن یہودیوں کا جو ایجنٹ یہ حرکت کرنے جا رہا ہے، پاکستان کے عوام اسے اپنا لیڈر کبھی تسلیم نہیں کریں گے اور اس یہودی ایجنٹ کو پاکستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے - انہوں نے اعلان کیا کہ حلقہ پی پی 149 لاہور کے غیور عوام 9 اگست کو شام 6 بجے گلشن راوی کے فٹ بال گرا¶نڈ میں جوق در جوق جمع ہو کر پاکستان کی آزادی کا جشن منائیں گے اور یہ ثابت کر دیں گے کہ پوری قوم سبزہلالی پرچم کے سائے تلے اکٹھی ہے اور عمران خان کے فسادی مارچ کو مسترد کرتی ہے - اس موقع پر گلشن راوی کے سماجی رہنما شاہد چوہدری نے آئی ڈی پیز کے امدادی فنڈ کے لئے 50ہزار روپے جبکہ محمد یعقوب بھٹی نے 2 لاکھ روپے کا چیک رانا مشہود احمد خاں کو پیش کیا-
رانا مشہود