حالات خراب ہوئے تو 1999کی فلم دوبارہ چل سکتی ہے،شیخ رشید

حالات خراب ہوئے تو 1999کی فلم دوبارہ چل سکتی ہے،شیخ رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیدنے کہا ہے کہ ملک کے حالات زیادہ خراب ہوئے تو فوج مداخلت کر سکتی ہے اور 1999کی فلم دوبارہ چل سکتی ہے، حکومت نے پولیس کا امیج تباہ کر دیا ہے اور افسران اوراہلکار لانگ مارچ سے ڈر کر چھٹیاں لے کر جا رہے ہیں، نواز شریف بھولے بادشاہ ہیں،فوج کسی قیمت پر پاکستان کے عوام پر گولی نہیں چلائے گی۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں انٹرویوکے دوران گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نوا ز شریف بھولے بادشاہ ہیں جو سمجھتے ہیں کہ فوج کو بھی پولیس کی طرح استعمال کر لیں گے یا فوج کی مدد سے لانگ مارچ روکا جا سکتا ہے۔پاکستان کی فوج کبھی بھی عوام پر گولی نہیں چلائے گی،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ملک کے حالات خراب ہوئے تو فوج مداخلت کر سکتی اور1999کی فلم دوبارہ چل سکتی ہے۔عین ممکن ہے کہ فوج 14اگست سے پہلے ہی حالات خراب ہونے سے بچانے کے لئے کوئی قدم اٹھا لے اور آرٹیکل245کے تحت لوگوں کے حقوق غصب کئے جارہے ہیں اس لئے سپریم کورٹ بھی از خود نوٹس لے سکتی ہے۔لانگ مارچ کے بارے میں ابھی حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا،2یا 3دن پہلے فیصلہ کیا جائے گا کہ مارچ سے کس طرح نمٹا جائے۔14اگست کے بعد یا اپوزیشن جماعتوں کی سیاست دفن ہونے جا رہی ہے یا نواز شریف کی،لانگ مارچ کے بعد یا نواز شریف زیادہ طاقتور ہو جائیں گے یا گھر چلے جائیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -