نواز شریف سے سیاسی اختلاف ہے ، دشمنی نہیں ، عمران ، طاہرالقادری آخری لمحات میں مل جائینگے ، شجاعت

نواز شریف سے سیاسی اختلاف ہے ، دشمنی نہیں ، عمران ، طاہرالقادری آخری لمحات ...

                                    اسلام آباد (این این آئی) مسلم لیگ (ق)صدر چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ نواز شریف سے سیاسی اختلاف ہے دشمنی نہیں، عمران خان اور طاہرالقادری آخری لمحات میں آپس میں مل جائیں گے۔ایک انٹرویو میں چودھری شجاعت نے کہا کہ عمران خان کے حامی 4گھنٹے بعد تھک جاتے ہیں جبکہ طاہرالقادری کے حامی 4 دن تک بھی نہیں تھکتے، وزیراعظم نوازشریف سے سیاسی اختلافات ہیں دشمنی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں سب سے زیادہ مشکلات بھٹو کے دور میں آئی تھیں جب والد چودھری ظہور الٰہی کو بھینس چوری جیسے مقدمات میں جیلوں میں ڈالا گیا مگر خاندان نے جراتمندی سے حالات کا مقابلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میری سب سے زیادہ دوستی چوہدری پرویزالٰہی سے ہے۔انہو ںنے کہا کہ طاہر القادری کا انقلاب خونی نہیں پرامن ہوگا۔ نواز شریف سے ماضی میں ہمیشہ اچھے تعلقات اور دوستی رہی ہے، ہماری آپس میں دشمنی نہیں سیاسی اختلافات ہیں۔ یہ بات درست نہیں کہ ہم نے طاہرالقادری کیساتھ اس لئے اتحاد کیا ہے کہ وہ نوازشریف کےساتھ دشمنی رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری کےساتھ10 نکاتی معاہدہ ہوا ہے۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ عمران خان کے آزادی مارچ نام رکھنے کی بات سمجھ میں نہیں آئی کہ وہ کس سے آزادی چاہتے ہیں وہ تو الیکشن میں دھاندلی اور مڈٹرم الیکشن کے مطالبات لےکر اسلام آباد جا رہے ہیں جبکہ طاہرالقادری انقلاب کے ذریعے ملکی مسائل حقیقی معنوں میں حل کرنے کی سوچ رکھتے ہیں۔ آزادی مارچ بھی کامیاب ہوگا اور انقلاب بھی کامیاب ہوگا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اور طاہرالقادری آخری لمحات میں ساتھ مل جائیں گے۔

شجاعت

مزید : صفحہ آخر