گرفتاریوں کا خدشہ ، تحریک انصاف کی متبادل قیادت تیار کرنے کا فیصلہ

گرفتاریوں کا خدشہ ، تحریک انصاف کی متبادل قیادت تیار کرنے کا فیصلہ

لاہور (خصوصی رپورٹ)آزادی مارچ کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی و سرگرم قیادت اور کارکنان کی گرفتاری کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر پارٹی کی متبادل قیادت تیار کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیاگیا ہے اور اِس ضمن میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے دوسرے درجے کی قیادت کو ذمہ داریاں سنبھالنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کردی تاکہ کارکنان کی رہنمائی اور کنٹرول برقرار رکھنے کیلئے قیادت موجود رہے۔عمران خان نے پنجاب کے پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کی ہے ،پارٹی رہنماﺅں سے ملاقات میں عمران خان نے آزادی مارچ کی تیاریوں اور لائحہ عمل کے حوالے سے گفتگو کی۔دوران گفتگو عمران خان نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ لانگ مارچ روکنے کے لئے مرکزی قیادت کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔دوسری طرف باخبر ذرائع نے انکشاف کیاکہ حکومت کی طرف سے جشن آزادی کی تقریبات کو مزید تقویت دینے کا فیصلہ کرلیاگیاہے جبکہ تحریک انصاف کے رہنماﺅں کے ٹیلی فونک رابطوں کی ریکارڈنگ بھی شروع کردی گئی ہے جس سے آئندہ کے لائحہ عمل سے نمٹنے کے لیے جوابی حکمت عملی کی تیاری میں مدد ملے گی۔

مزید : صفحہ اول