انقلاب مارچ ، حامیوں کی مشاورت مکمل ،فیصلوں کااعلان آج ہوگا

انقلاب مارچ ، حامیوں کی مشاورت مکمل ،فیصلوں کااعلان آج ہوگا

لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے چوہدری شجاعت حسین،چوہدری پرویز الٰہی ،عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد مجلس وحدت المسلمین کے علامہ راجہ ناصر عباس نے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی جہاں انقلاب مارچ کے اعلان اور حکمت عملی کے حوالے سے طویل مشاورت ہوئی اور اہم فیصلہ جات کئے گئے جن کا با ضابطہ اعلان ڈاکٹر طاہر القادری آج (اتوار) تمام جماعتوں کے قائدین کے ساتھ کرینگے۔ملاقات کے بعد مسلم لیگ (ق) کے چوہدری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں تمام معاملات مشاورت سے طے کئے ہیں۔ گرفتاری اور نظر بندی کی کوئی پرواہ نہیں،حکومت سے کوئی رابطہ ہے نہ کرینگے،آج (اتوار) قوم کو بڑی خبر ملے گی۔مستقبل کے لائحہ عمل کا کل اعلان کرینگے ۔چودھری برادران نے کہا کہ انقلاب مارچ سے متعلق تفصیلی بات ہوئی ہے ۔دریں اثناءڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے بعد مجلس وحدت المسلمین کے علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ تمام جماعتوں میں مکمل ہم آہنگی ہے۔ انقلاب مارچ کےلئے تمام قائدین اکٹھے ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ نکلیں گے۔پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق آج (اتوار) انقلاب مارچ کی تاریخ کابا ضابطہ اعلان پریس کانفرنس میں ڈاکٹر طاہر القادری 40سے زائد سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کے ہمراہ کرینگے۔پریس کانفرنس سے قبل پاکستان عوامی تحریک کی جنرل کونسل کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں 15ہزار سے زائد عہدیداران شریک ہونگے۔

مزید : صفحہ اول