روس نے ملائیشین پرواز کی تباہی سے متعلق یوکرین کی سیٹلائٹ تصاویر مسترد کردیں

روس نے ملائیشین پرواز کی تباہی سے متعلق یوکرین کی سیٹلائٹ تصاویر مسترد کردیں

ماسکو (نیوز ڈیسک) ملائیشین پرواز MH17 کی تباہی کے متعلق یوکرین کی جاری کردہ سیٹلائٹ تصاویر کو روس نے یہ کہہ کر رد کردیا ہے کہ ان میں ردوبدل کیا گیا ہے اور یہ تصاویر یوکرین کی بجائے ممکنہ طور پر امریکی سیٹلائٹ کی ہیں۔ اس سے پہلے روس نے طیارے کی تباہی کے دن یعنی 14 جولائی کی سیٹلائٹ تصاویر جاری کی تھیں جن میں دکھایا گیا تھا کہ علاقے میں یوکرینی جنگی جہاز اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے یونٹ موجود تھے۔ کچھ دن بعد یوکرین نے بھی اپنے سیٹلائٹ کی تصاویر جاری کردیں جو کہ 16 جولائی کی تھیں اور ان میں دکھایا گیا تھا کہ علاقے میں یوکرینی میزائل یا طیارے موجود نہیں۔ روس کا کہنا ہے کہ یوکرینی سیٹلائٹ تصاویر حقیقت پر مبنی نہیں ہیں اور ان میں وقت کا بھی ردوبدل کیا گیا ہے جبکہ اصل میں وہ طیارے کی تباہی سے کافی دن بعد میں لی گئی ہیں۔ روس کا یہ بھی کہنا ہے کہ یوکرینی سیٹلائٹ Sich-1 اور Sich-2 تصاویر میں دکھائے گئے وقت پر حادثے والے علاقے کے اوپر موجود ہی نہیں تھے اور یہ تصاویر ممکنہ طور پر امریکہ کے جاسوسی سیٹلائٹ نے کچھ دن بعد بنائی ہیں۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ تصاویر بھی یوکرین اور امریکہ کے پراپیگنڈہ کا حصہ ہیں جس کے مطابق روس کو ہر حال میں طیارے کی تباہی کا ذمہ دار ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

 تصاویر مسترد

مزید : علاقائی