ریل گاڑیاں پورا پورا دن لیٹ لاہور میں مسافروں کا شدید احتجاج پولیس طلب

ریل گاڑیاں پورا پورا دن لیٹ لاہور میں مسافروں کا شدید احتجاج پولیس طلب ...

                     لاہور(سٹاف رپورٹر)ریلوے انتظامیہ ٹرینوں کی آمدورفت کا نظام بہتر بنانے میں ناکام ہوگئی۔ گزشتہ روز بھی مین اور برانچ لائن پر ٹرینیں ایک سے گیارہ گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں جس کے باعث مسافرنے ریلوے اسٹیشنوں پر شدید احتجاج کیا اور ریلوے حکام کے خلاف سخت نعرے بازی کی تاہم ریلوے انتظامیہ نے ہنگامے کے خدشے کے پیش نظر لاہور ریلوے اسٹیشن پر پولیس طلب کئے رکھی تاکہ حالات کوکنٹرول کیاجائے سکے۔ذرائع نے بتایا کہ ریلوے انتظامیہ کی مبینہ عدم توجہی کے باعث ٹرینوں کی بروقت آمدورفت یقینی نہیں بنائی جاسکی جس کی وجہ سے لاہور ،کراچی ،پشاور ،کوئٹہ سمیت دیگر شہروں کو آنے اور جانے والی ٹرینیں غیر معمولی تاخیر سے اپنی منزل کی طرف رواں دواں رہیں ۔بتایا گیا کہ ہفتہ کے روز بھی کراچی ایکسپریس 11 گھنٹے 35منٹ ،نائٹ کوچ ساڑھے 9 گھٹنے ،تیز گام 10 گھنٹے ،کوئٹہ ایکسپریس 6گھنٹے 15منٹ ،بزنس ایکسپریس 5 گھنٹے 40 منٹ ،جعفر ایکسپریس 2 گھنٹے 15منٹ ،علامہ اقبال ایکسپریس 1گھنٹے 35منٹ،عوام ایکسپریس 2گھنٹے 45منٹ اورقراقرم 1 گھنٹے 50منٹ تاخیر سے اپنی منزل پر پہنچیں ۔ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر کے باعث مسافروں نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر پرامن احتجاج کیا اور ریلوے حکام کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے اس صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

 ریل گاڑیاں

 

مزید : علاقائی