پشاور شمالی وزیرستان کے گرینڈ جرگے نے متاثرین کی جلد واپسی اور تعمیر نو کا مطالبہ کر دیا
پشاور(خصوصی رپورٹ) شمالی وزیرستان کے گرینڈ جرگے نے متاثرین کی جلد واپسی اور علاقے کی تعمیر نو کا مطالبہ کر دیا ہے ۔شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد داوڑ قبائل کی ہے۔ پشاور کے باغ ناران میں داوڑ قبائل کے عمائدین کا گرینڈ جرگہ ہوا جس میں میرانشاہ اور میر علی سے تعلق رکھنے والے مشران نے شرکت کی۔ جرگے میں متاثرین کی رجسٹریشن، شمالی وزیرستان کی تعمیر نو اور دوسرے معاملات پر بات کی گئی۔ جرگے کا مطالبہ تھا کہ رجسٹریشن سے خارج کئے گئے افراد کو دوبارہ شامل کیا جائے اور تعمیر نو کے مسئلے پر بھی قبائلیوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ گرینڈ جرگے میں تحصیل میر علی اور میرانشاہ میں داوڑ قبائل کے ہونے والے نقصانات پر بھی بات کی گئی۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ آپریشن کے باعث ان کی اقتصادی حالت صفر ہو گئی ہے۔ اس لئے فوری واپسی کا اعلان کیا جانا ضروری ہے۔ کھلے میدان میں روایتی انداز میں ہونیوالے جرگے میں بچے بھی شریک تھے۔ ایک اور گرینڈ جرگہ اب بنوں میں ہو گا۔
گرینڈ جرگہ